ٹی ٹین گلوبل کی انتظامیہ کا ٹی ٹین لیگ کا دائرہ کار بڑھانے پرغور

بدھ 7 دسمبر 2022 15:16

ٹی ٹین گلوبل کی انتظامیہ  کا ٹی ٹین لیگ کا دائرہ کار بڑھانے پرغور
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) ابوظہبی میں کھیلی گئی ٹی ٹین لیگ کے کامیاب انعقاد کے بعد اس کا دائرہ کار مزید وسعت دینے کے لئے دنیا کے پانچ بر اعظموں میں اس لیگ کے انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے جس میں سری لنکا میں باقاعدہ اعلان کے بعد زمبابوے کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے ۔ٹی ٹین گلوبل کی انتظامیہ متحدہ عرب امارات کے بعد اب دیگر ممالک میں ٹی ٹین لیگ کے انعقاد کی تیاریوں میں مصروف ہے اس حوالے سے پریس کانفرنس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹی ٹین گلوبل کے چیئرمین شجیع الملک کا کہنا ہے کہ ٹی ٹین کی بڑھتی ہوئی مقبولت کے پیش نظر دیگر ممالک میں انعقاد پر غور کیا جا رہا ہے اور ٹی ٹین کا انعقاد ان ممالک میں کیا جائے گا جو بنیادی طور پر کرکٹ سے دور ہیں اس حوالے سے مکمل منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس میں مشرق وسطی ، ایشیا اور افریقہ کے بعد امریکہ اور یورپ میں ٹی ٹین کا انعقاد کیا جائے گا اور اور ہم پر امید ہیں کہ ٹی ٹین ایونٹ اولمپکس میں شامل ہو جائے گا ۔

(جاری ہے)

ٹی ٹین کے 6ایڈیشنز کی کامیابی کی بعد ہماری ٹیم دیگر ممالک میں انعقاد پر کام کر رہی ہے۔اس حوالے سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف افریقہ کے چیئرمین کوام اسارے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افریقی ممالک ٹی ٹین کرکٹ کے فروغ کے لئے اہم ہے جہاں نئے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملے گا جو خوش آئندہ ہے ۔میڈیا سے مزید گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین زمبابوے کرکٹ ڈاکٹرتیونگوا مکوہلانی کا کہنا تھا کہ زمبابوے میں کرکٹ کا مستقبل روشن ہے ۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے بعدزمبابوے میں کرکٹ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے جس سے نئے ٹیلنٹ کو بہترین مواقع ملیں گے اور ہماری خواہش ہے کہ یہ کھیل مقبول ہو۔ افریقہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے سی ای او قاسم سلیمان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کا یہ مختصر ترین فارمیت بلاشبہ مکمل انٹرٹینمنٹ ہے ۔یہ ایسے ممالک میں بھی پسند کیا جارہا ہے جو بنیادی طور پر کرکٹ کے ممالک نہیں ہیں اس لئے یہ خوش آئندہے ۔واضح رہے ٹی ٹین کا آغاز2017 میں شارجہ سے ہوا اور یہ فارمیٹ اپنی مقبولت کی بلندیوں تک جا پہنچا ہے ابوظہبی ٹی ٹین 6 میں امریکہ کی دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے اس کا دائرہ کار مزید بڑھا اور اب اس کی منزل اولمپکس ہے۔