فوجی سیمنٹ ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے ریاست کے شانہ بشانہ کوشاں ہے، منیجنگ ڈائریکٹر قمر حارث منظور

بدھ 7 دسمبر 2022 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2022ء) فوجی سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر و منیجنگ ڈائریکٹر قمر حارث منظور نے کہا ہے کہ فوجی سیمنٹ ملک کی ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے ریاست کے شانہ بشانہ کوشاں ہے، فوجی سیمنٹ نے انسان دوست ماحول کے پیش نظر جدید تقاضوں کے مطابق فوجی ٹائل فکسنگ بانڈ ایک نئی پراڈکٹ متعارف کرا دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں ڈیلرز کیلئے منعقدہ سالانہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ تقریب سے فوجی سیمنٹ کمپنی کے جنرل منیجر مارکیٹنگ بریگیڈیئر (ر) عزیز الحسن عثمانی اور سینئر منیجر مارکیٹنگ سیلز ملک اشرف نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سیلز میں بہترین نتائج کے حامل ڈیلروں کو موٹر سائیکل اور دیگر انعامات سے بھی نوازا گیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی قمر حارث منظور نے اس موقع پر کہا کہ فوجی سیمنٹ ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والا برانڈ ہے اور ایک سال کی محنت سے عسکری سیمنٹ بھی اب فوجی سیمنٹ کا حصہ بن چکا ہے، میں اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ فوجی سیمنٹ معیار پر کسی طرح سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم ملک بھر میں سیمنٹ کی فراہمی یکساں بنیادوں پر یقینی بنا رہے ہیں، سیمنٹ کی تیاری کیلئے ڈی آئی خان سمیت ملک کے مختلف حصوں میں سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے کوشاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ نے انسانی صحت کے مدنظر انسان اور ماحول دوست ٹائل فکسنگ بانڈ کا آغاز کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ ایک ویلفیئر ادارے فوجی فائونڈیشن کا حصہ ہے، یہ وہ ادارہ ہے جو ملک کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے دوران شہید ہونے والے اور خدانخواستہ معذور ہونے والے خاندانوں کی کفالت کرتا ہے اور اس میں فوجی سیمنٹ کمپنی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ خاندان فوجی سیمنٹ کے خاندان ہیں، یہ قوم کے وہ بہادر جوان ہیں جو اپنی جانوں کی پراوہ کئے بغیر اس وطن کی سالمیت کیلئے سرحدوں پر جانوں کے نذرانے دیتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ معیار کے اوپر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا، جو کچھ بوری کے اوپر لکھا ہے وہی بوری کے اندر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیمنٹ کیلئے جو قیمت ہم صارف سے لیتے ہیں معیار کی صورت میں ہم وہ انہیں لوٹاتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ کمپنی نے تعمیرات کے ضمن میں اپنی ایک نئی پراڈکٹ لانچ کی ہےجسے ہم نے فوجی ٹائل فکسنگ بانڈ کا نام دیا ہے، اس پراڈکٹ کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ انسانی صحت کو ملحوظ خاطر رکھ کر تیار کی گئی ہے، جدید تقاضوں کے مطابق اسے ماحول دوست بنایا گیا ہے، یہ بانڈ لگانے والے اور ٹائل کو استعمال کرنے والوں کی صحت کیلئے نقصان دہ نہیں ہے اور نہ ہی انسانی جلد پر اس کے لگاتے اور استعمال کرتے ہوئے اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔

جنرل منیجر مارکیٹنگ و سیلز بریگیڈیئر (ر) عزیز الحسن عثمانی نے صحافیوں کو بتایا کہ تعمیراتی کاموں میں استعمال ہونے والے سیمنٹ کیلئے دنیا میں دو معیار ہیں، ایک امریکن اور دوسرا یورپی یونین کا معیار، فوجی سیمنٹ وہ واحد کمپنی ہے جو ان دونوں معیارات پر پورا اترتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ہائیڈرو کنکریٹ کیلئے فوجی سیمنٹ پاکستان میں واحد کمپنی ہے جو اس معیار کے مطابق اپنی پراڈکٹ دے رہی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ فوجی سیمنٹ افغانستان سمیت دنیا کے دیگر ممالک کیلئے بڑے پیمانے پر برآمد ہونے والا برانڈ ہے، جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کھلی تھی تو فوجی سیمنٹ بھارت میں بھی استعمال کیا جاتا تھا۔ ایک اور سوال پر انہوں نے بتایا کہ افغانستان سمیت اس وقت فوجی سیمنٹ کی برآمدات مجموعی طور پر ایک لاکھ 20 ہزار ٹن ہے جبکہ باقی کمپنیوں کے ساتھ اگر مجموعی جائزہ لیا جائے تو 3 لاکھ ٹن برآمدات ہوتی ہیں۔

سینئر منیجر سیلز و مارکیٹنگ ملک اشرف نے تقریب کے موقع پر کہا کہ فوجی سیمنٹ ڈیلروں کو صرف کاروباری لحاظ سے نہیں دیکھتا بلکہ وہ ہماری کمپنی کے حقیقی پارٹنر ہیں، آج کی تقریب کا مقصد ان کی حوصلہ افزائی اور ان سے ملاقات کا ایک بہانہ تھا۔ تقریب میں پاکستان کے دوست ملک چین کے تعمیراتی ماہرین بھی شریک ہوئے۔ تقریب کے اختتام پر ڈیلر حضرات میں سیمنٹ کی فروخت کے حوالہ سے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں قیمتی انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔