لہسن کی فصل ک بیماریوں کے حملہ سے بچانے کیلئے 3سے 4مرتبہ گوڈی کا مشورہ

بدھ 4 جنوری 2023 13:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2023ء) کاشتکار وں کو لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں سے بچانے کیلئے فوری طور پر 3سے 4مرتبہ گوڈی اور جڑی بوٹیوں کی فوری تلفی کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ کاشتکار لہسن کی فصل کو مختلف بیماریوں اور کیڑے مکوڑوں کے حملہ سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات کریں خاص کر جھلساؤ کی بیماری کے بارے میں کسی غفلت کامظاہرہ نہ کیاجائے۔

ریسرچ انفارمیشن یونٹ آری فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہاکہ پتوں کے جھلساؤ کی بیماری کے لہسن کی فصل پر حملہ آور ہونے سے پتے اوپر سے سوکھنے لگتے ہیں جبکہ جوں جوں حملہ شدت اختیار کرتاہے تمام پتے خشک ہو کر چڑ مڑ ہوجاتے ہیں اور اس طرح لہسن کی گٹھیوں کا سائز چھوٹا رہ جاتاہے اور فصل کو شدید نقصان کا سامناکرناپڑتاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اس بیماری کی علامت اگرچہ کورے کے نقصان سے ملتی جلتی ہے لیکن اس بیماری کے جراثیم زیادہ نقصان دہ ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار فصل کو3 سے4مرتبہ گوڈی ضرور کریں اور جڑی بوٹیوں کو بروقت تلف کرنے میں کسی کوتاہی کا مظاہرہ نہ کیاجائے۔انہوں نے رواں ماہ جنوری کے دوران ترشاوہ پھلو ں کے باغبانوں کو مالٹے، کنو، گریپ فروٹ، مسمی کی برداشت جاری اور بیمار، خشک و غیر ضروری شاخوں کی کانٹ چھانٹ کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ غیر ضروری شاخوں کو کاٹ کر تلف کردیاجائے نیز زیادہ کوہر والی راتوں میں باغات کو پانی لگانے سمیت دھواں بھی دیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ اگر ماہ دسمبر میں دیسی کھاد بمعہ فاسفورس، پوٹاش، زنک وغیرہ نہ ڈالی گئی ہو تو یہ کام رواں ماہ جنوری کے دوران مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیشہ کھاد وغیرہ کو پودوں کے گرد تنوں سے دور اچھی طرح بکھیرتے ہوئے بذریعہ گوڈی زمین میں مکس کرکے بھرپور پانی لگادینا چاہیے تاہم کھاد ڈالنے کے بعد پانی کا وقفہ ایک ماہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ نئے باغات لگانے کیلئے رواں ماہ جنوری کے دوران زمین کی تیاری کی جاتی ہے اور پودے لگانے کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندہی کرکے 3مربع فٹ سائز کے گڑھے کھود لئے جائیں اور انہیں 15 دن کیلئے کھلا چھوڑ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ماہ جنوری کے دوران گدھیڑی کے انڈوں کو دبانے کے علاوہ اس کے بچوں پر کیڑے مار زہر کاسپرے بھی کردیاجائے اور پیشگی اقدامات کے تحت تسلی بخش پودے خریدنے کیلئے اچھی نرسری کا انتخاب بھی کرلیاجائے۔ انہوں نے کہاکہ مزید رہنمائی یا مشاورت کیلئے زرعی ماہرین یا محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتا ہے۔