تائیوان کے قریب چین کی ایک ماہ میں دوسری مرتبہ فوجی مشقیں،تائیوان کی جانب سے مشقوں کی شدید مذمت ، چین کے الزامات کو

+بے بنیاد قرار دیدیا

پیر 9 جنوری 2023 21:21

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2023ء) چین کی فوج نے ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ تائیوان کے گرد فوجی مشقیں کیں جن میں زمینی اور سمندری حملوں پر توجہ مرکوز کی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پیپلز لبریشن آرمی کی ایسٹرن تھیٹر کمانڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ چینی افواج نے تائیوان کے ارد گرد سمندر اور فضائی حدود میں مشترکہ جنگی مشقوں کا اہتمام کیا۔

(جاری ہے)

کمانڈ کے ترجمان سینیئر کرنل شی یی نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ مشقوں کا مقصد مشترکہ جنگی صلاحیتوں کی جانچ کرنے سمیت بیرونی قوتوں اور تائیوان کی آزادی کی علیحدگی پسند قوتوں کی اشتعال انگیز کارروائیوں کا پوری طرح سے مقابلہ کرنا تھا۔تائیوان کے صدارتی دفتر نے مشقوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین بے بنیاد الزامات لگا رہا ہے، تائیوان کا موقف بالکل واضح ہے جس میں وہ نہ تو تنازعات کو بڑھائے گا اور نہ ہی تنازعات کو ہوا دے گا بلکہ اپنی خودمختاری اور سلامتی کا مضبوطی سے دفاع کرے گا۔تائیوان کے وزیر دفاع کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران جزیرے کے ارد گرد 57 چینی فوجی طیاروں اور بحریہ کے چار جہازوں کا پتہ لگایا گیا ہے۔