کرپٹو کرنسی سے متعلق ایف آئی اے سائبر کرائم کے نوٹس کیخلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اور دیگر کو نوٹسز جاری

جمعہ 20 جنوری 2023 16:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2023ء) سندھ ہائی کورٹ نے کرپٹو کرنسی سے متعلق ایف آئی اے سائبر کرائم کے نوٹس کیخلاف درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل، سیکریٹری فنانس، اسٹیٹ بینک حکام، ایس ای سی پی اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کردیئے۔سندھ ہائیکورٹ میں کرپٹو کرنسی سے متعلق ایف آئی اے سائبر کرائم کے نوٹس کیخلاف درخواستگزار سلیم بٹ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

(جاری ہے)

درخواستگزار کے وکیل رضوان علی ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ کرپٹو کرنسی سے متعلق پاکستان میں کوئی قانون نہیں۔ جس ایشو پر قانون نہ ہو کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے۔ میرے موکل محمد سلیم بٹ کو ایف آئی اے نے نوٹس بھیجے۔ سندھ ہائیکورٹ اسی معاملے میں پہلے بھی ہدایت جاری کرچکی ہے۔ کرپٹو کرنسی سے متعلق درخواستیں ابھی بھی زیر سماعت ہیں۔ ایف آئی اے طلبی کا نوٹس معطل کیا جائے۔ عدالت نے ڈپٹی اٹارنی جنرل، سیکریٹری فنانس، اسٹیٹ بینک حکام، ایس ای سی پی اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کردیئے۔ عدالت نے ایف آئی اے سائبر کرائم تفتیشی افسر فرحان علی بلال کو 21 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیدیا۔