چین چیئن جین تائیوان کے نئے وزیر اعظم مقرر

DW ڈی ڈبلیو جمعہ 27 جنوری 2023 11:40

چین چیئن جین تائیوان کے نئے وزیر اعظم مقرر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 27 جنوری 2023ء) تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے جمعے کے روز نئے وزیر اعظم کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا، " آج میں اعلان کرتی ہوں کہ سابق نائب صدر چین چیئن جین، سو سینگ چانگ سے کابینہ کے نئے سربراہ کی ذمہ داریاں اپنے ہاتھوں میں لیں گے۔"

صدر نے امید ظاہر کی کہ چین چیئن جین کی قیادت میں نئی کابینہ اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دے گی اور کہا کہ سال 2023 تائیوان کی ترقی کے لیے کافی اہم ہے۔

یہ پیش رفت حکمراں ڈیموکریٹیو پروگریسیو پارٹی (ڈی پی پی) کی گزشتہ برس مقامی انتخابات میں بھاری شکست کی وجہ سے ہوئی ہے۔ سابق وزیر اعظم سو سینگ چانگ نے گزشتہ ہفتے خود پوری کابینہ کے ساتھ استعفی دے دیا تھا تاکہ حکومت کی تنظیم نو کی جاسکے۔

(جاری ہے)

تائیوان میں لازمی فوجی سروس کی مدت تین گنا کر دینے کا فیصلہ

اکہتر سالہ چین انتہائی مذہبی کیتھولک ہیں۔

انہوں نے سن 2016 سے 2020 کے درمیان سائی کی پہلی مدت کار میں نائب صدر کی ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔

تائیوان میں انتخابات

نومبر میں ہونے والے مقامی انتخابات میں ڈی پی پی کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

نومبر انتخابات کے نتائج آنے کے فوراً بعد ہی 75سالہ سو، جو سن 2019 سے وزیر اعظم کے عہدے پر فائز ہیں، نے استعفی دینے کی پیش کش کی تھی تاہم صدر نے انہیں اپنے عہدے پر برقرار رہنے کی درخواست کی۔

وہ ڈی پی پی کے ابتدائی بانیوں میں سے ایک ہیں۔ اس پارٹی کا قیام سن 1986میں عمل میں آیا تھا جب ملک میں مارشل لانافذ تھا۔

چین تائیوان دوستی کی علامت، پانڈا کا چودہ سال بعد انتقال

تائیوان میں اب سن 2024 کے اوائل میں ہونے والے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔

نئے انٹیلیجنس چیف کی تقرری

جمعرات کے روز صدر سائی نے نائب وزیر خارجہ سائی منگ ین کو نیشنل سکیورٹی بیورو کا نیا سربراہ مقرر کیا۔

اس تقرری کو بھی چین سے بڑھتے ہوئے فوجی خطرات کے درمیان موجودہ حکومت میں رد و بدل کے اقدامات کے حصے کے طورپر دیکھا جارہا ہے۔

چین تائیوان پر مسلسل فوجی اور سیاسی دباو ڈال رہا ہے اور اس بات کی کوشش کررہا ہے کہ یہ جزیرہ نما بیجنگ کی حق حاکمیت کو تسلیم کرلے۔ چین نے اگست میں تائیوان کے قریب فوجی مشقیں بھی کی تھیں۔

تائیوان میں تحریک آزادی کچل دیں گے، چینی صدر کا انتباہ

تائیوان کی حکومت چین کے دعوے کو مسترد کرتی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ صرف ملک کی 23 ملین آبادی کو ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیا ر ہے۔

ج ا/ص ز (روئٹرز، ڈی پی اے)