امارات میں پاکستانی پاسپورٹ کی فیس میں اضافے کی اطلاعات

پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل نے معاملے پر وضاحت جاری کردی

Sajid Ali ساجد علی منگل 31 جنوری 2023 15:26

امارات میں پاکستانی پاسپورٹ کی فیس میں اضافے کی اطلاعات
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 31 جنوری 2023ء ) متحدہ عرب امارات میں پاکستانی پاسپورٹ بنوانے کی فیس میں اضافے کی اطلاعات پر پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل نے معاملے پر وضاحت جاری کردی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی مشنز نے اس بات کی تردید کی ہے کہ یہاں امارات میں مقیم پاکستانیوں کے لیے پاسپورٹ کے اجراء اور تجدید کی فیس میں اضافہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے پاکستان قونصلیٹ دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان نے کہا ہے کہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانے اور ابوظہبی میں سفارت خانے میں پاسپورٹ کی فیس میں اضافہ نہیں کیا گیا، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیس میں اضافے کے بارے میں کچھ جعلی خبریں سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں تاہم یہ واضح کیا جاتا ہے کہ موجودہ پاسپورٹ فیس کے ڈھانچے میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین ای پاسپورٹ فیس کو مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کے ساتھ الجھا رہے ہیں جب کہ محکمہ نے حال ہی میں نئے متعارف کرائے گئے ای پاسپورٹ کے لیے فیس کا تعین اور اعلان کیا ہے، یہ صرف عام ای پاسپورٹ پر لاگو ہوگا جب اسے پورے ملک میں شروع کیا جائے گا جب کہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی فیس پہلے جیسی ہی رہے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے مارچ 2022ء میں ایک نئی ای پاسپورٹ سہولت کا آغاز کیا تاکہ اپنے شہریوں کے لیے سکیورٹی اور ہموار بین الاقوامی سفر کو فروغ دیا جا سکے، ای پاسپورٹ مختلف سکیورٹی چیک کرتا ہے اور لوگوں کو خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ہوائی اڈوں پر سہولت فراہم کرے گا۔