Live Updates

شاہد خاقان عباسی کا پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبروں پر تبصرے سے گریز

پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر کسی میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔شاہد خاقان عباسی کا تصدیق یا تردید سے گریز

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 1 فروری 2023 11:31

شاہد خاقان عباسی کا پارٹی عہدے سے استعفیٰ دینے کی خبروں پر تبصرے سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 فروری2023ء) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر تصدیق یا تردید نہیں کی۔جیو نیوز کے رابطہ کرنے پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ انہوں نے پارٹی پوزیشن سے استعفے کے معاملے پر کسی میڈیا کو کوئی بیان نہیں دیا۔بتایا گیا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدہ چھوڑنے کا پیغام پارٹی قیادت کو بھجوا دیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ مجھے کسی عہدے کا لانچ نہیں اور نہ پارٹی کا کوئی عہدرہ زبردستی اپنے پاس رکھنے کا خواہشمند ہوں، مسلم لیگ ن نہیں چھوڑوں گا، صرف پارٹی عہدہ سے الگ ہونا چاہتا ہوں۔

ذرائع کے مطابق شاہد خاقان عباسی وزیرخزانہ کے عہدے سے مفتاح اسماعیل کو ہٹانے اور مریم نواز کو پارٹی کا چیف آرگنائزر بنائے جانے پر نالاں ہیں، مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی کو پارٹی عہدے سے باضابطہ استعفے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، مریم نواز کوشش کے باوجود تاحال شاہد خاقان عباسی سے رابطے اور ملاقات میں کامیاب نہیں ہوسکیں، تاہم شاہد خاقان عباسی کا استعفیٰ بھی اب تک منظور نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

انگریزی روزنامہ دی نیوز کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف پر تین سال قبل واضح کر دیا تھا اگر مریم کو پارٹی میں سینئر عہدے پر لایا گیا تو پارٹی میں رہنا ممکن نہیں ہوگا، جب سے مریم لندن سے آئی ہیں ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی، مجھے خوشی ہے ان کی سرجری کامیاب رہی اور میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی موقع پر پارٹی کے چیف آرگنائزر نہیں ہوں گے، ن لیگ کے ساتھ آخری دم تک ساتھ رہیں گے لیکن اگر پارٹی نے راہیں جدا کرلیں تو گھر جانا پسند کریں گے کیوں کہ میں حد سے زیادہ پر عزم سیاسی کارکن نہیں ہوں، میرا ری امیجننگ پاکستان فورم کسی شخص یا پارٹی کے خلاف نہیں ہے، عوام کی ایک بڑی تعداد اس فورم میں شرکت کرتے ہیں اور اس کی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں، لوگوں کو چاہئے کہ وہ ری امیجننگ پاکستان فورم کے ساتھ تعاون کریں، ہم لوگوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملک کی صورتحال کو پرسکون انداز سے سمجھنے کی کوشش کریں اور مسائل سے حل کا راستہ تلاش کریں۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات