امارات میں پٹرول ڈیزل مہنگا ہونے پر ٹیکسی کرایوں میں بھی اضافہ

عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے فروری کے مہینے کیلئے ٹیکسی کے کرایوں میں تبدیلی کا اعلان کردیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 2 فروری 2023 10:31

امارات میں پٹرول ڈیزل مہنگا ہونے پر ٹیکسی کرایوں میں بھی اضافہ
عجمان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2023ء) متحدہ عرب امارات میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ہی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹیکسی کے کرایوں میں بھی اضافے کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق عجمان ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ٹیکسی کے کرایوں میں تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ فروری 2023ء کے مہینے کے لیے مسافروں سے 1.83 درہم فی کلومیٹر چارج کیا جائے گا، یہ پچھلے مہینے کے مقابلے میں فی کلومیٹر 5 فلس زیادہ ہے، جنوری میں ٹیکسی کا فی کلومیٹر کرایہ 1.78 درہم تھا۔

یو اے ای کی سرکاری آئل کمپنی نے بتایا ہے کہ فیول پرائس کمیٹی نے 31 جنوری کو فروری 2023ء کے مہینے کے لیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا اعلان کیا ہے، فروری کے مہینے میں سپر 98 پیٹرول کی قیمت 3.05 درہم فی لیٹر ہوگی، جنوری میں اس کی قیمت 2.78 درہم تھی، اسپیشل 95 پیٹرول کی جنوری میں قیمت 2.67 درہم کے مقابلے میں نئی قیمت 2.93 درہم فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ای پلس91 پیٹرول کی فروری کے لیے قیمت 2.86 درہم فی لیٹر ہوگی، جو پچھلے مہینے 2.59 درہم فی لیٹر میں فروخت ہورہا تھا جب کہ ڈیزل کی جنوری کی قیمت 3.29 درہم میں بھی اضافہ کیا گیا ہے اور فروری میں اس کی قیمت 3.38 درہم فی لیٹر ہوگی۔ متحدہ عرب امارات میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باوجود رہائشیوں کو بڑھتی ہوئی مہنگائی سے بچانے کیلئے شاندار اقدام کے طور پر روز مرہ استعمال ہونے والی 200 سے زائد ضروری اشیاء کی قیمتیں منجمد کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے، جس کا اطلاق 2023ء کے آخر تک تازہ پیداوار اور سپر مارکیٹ کی اشیاء سمیت تمام زمروں میں روزمرہ کی مصنوعات پر ہوگا۔

بتایا گیا ہے کہ عالمی افراط زر کی شرح کو مات دینے اور متحدہ عرب امارات کے رہائشیوں کی مدد کرنے کے مقصد سے لولو ہائپر مارکیٹ نے 200 سے زائد مصنوعات پر 'پرائس لاک' مہم کا اعلان کیا ہے، جس کا مطلب ہے کہ 2023ء کے آخر تک ملک کے تمام لولو اسٹورز پر تازہ مصنوعات اور سپر مارکیٹ کی اشیاء سمیت تمام زمروں میں روزمرہ کی مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔