بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر گندم کی پیداوار میں اضافہ نہایت ضروری ہے، ڈائریکٹر زراعت

جمعہ 3 فروری 2023 14:37

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2023ء) پرنسپل ایگریکلچر آفیسر وڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری عبدالحمیدنے کہا کہ ملک میں غذائی تحفظ کے پیش نظر گندم کی فصل نہایت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ملکی غذائی ضرورت کا 75فیصد سے زیادہ گندم کی فصل سے ہی پورا ہوتا ہے لہٰذا ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر گندم کی پیداوار میں اضافہ نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے اے پی پی کو بتایا کہ گندم پر حملہ آور ہونے والی بیماریوں میں سے فصل کا کنگی سے تحفظ نہایت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس بیماری کے حملہ کی صورت میں گندم کی فی ایکڑپیداوار میں 10سے30 فیصد تک کمی واقع ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھوری اور زرد کنگی کا حملہ صرف گندم کے پتوں جبکہ سیاہ کنگی کا حملہ پتوں کی ڈنڈی یا تنے پر مشاہدہ میں آتا ہے اس لیے گندم کے کاشتکار فصل کا باقاعدگی سے معائنہ کریں کیونکہ بارشوں کے بعد نمی والے موسم میں فصل پر کنگی کا حملہ ہو نے کا امکان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنگی کا حملہ سب سے پہلے کھیت کے کچھ حصے پر ٹکڑیوں کی صورت میں ظاہر ہوتاہے اور پھر وہاں سے پورے کھیت میں بیماری پھیل جاتی ہے اس لیے ضروری ہے کہ گندم کے کاشتکار باقاعدگی سے اپنی فصل کا معائنہ کریں اورکنگی کے حملہ کی صورت میں دستانوں کا استعمال کرتے ہوئے صرف متاثرہ پتوں کو توڑ کر زمین میں دبا دیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی شدید حملہ کی صورت میں گندم کی فصل کے صرف متاثرہ حصوں پر محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے مناسب پھپھوندی کش زہروں کا سپرے کیا جائے تاکہ بیماری مزید نہ پھیل سکے۔

متعلقہ عنوان :