متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں سے آن لائن فراڈ کا انکشاف

وزارت داخلہ نے جعلی پیغامات یا فون کالز اور انٹرنیٹ کے ذریعے بینکنگ ڈیٹا تک رسائی کے مالی فراڈ سے خبردار کردیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 4 فروری 2023 12:22

متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں سے آن لائن فراڈ کا انکشاف
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 فروری2023ء) متحدہ عرب امارات میں رہائشیوں کے ساتھ آن لائن فراڈ کا انکشاف ہوا ہے جس کے پیش نظر وزارت داخلہ نے جعلی پیغامات یا فون کالز اور انٹرنیٹ کے ذریعے بینکنگ ڈیٹا تک رسائی کے مالی فراڈ سے خبردار کردیا۔ خلیجی اخبار ’الامارات الیوم‘ کے مطابق پولیس، وزارت داخلہ اور بینکنگ حکام نے صارفین کو ان کی رقم اور ذاتی معلومات کی چوری کے مقصد سے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے موصول ہونے والی جعلی کالز اور پیغامات کے ذریعے مالی فراڈ کا شکار ہونے کے خلاف انتباہ جاری کیا ہے۔

اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سسٹم میں صارف کے ڈیٹا کو اپ ڈیٹ کرنے کا دعوی کرنے والے لوگ مشکوک فون کالز اور پیغامات کے ذریعے صارفین سے OTP ٹیکسٹ پیغام میں موجود معلومات فراہم کرنے کا کہتے ہیں جب کہ آفیشل حکام صارفین سے ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے اپنا ڈیٹا اپ ڈیٹ کرنے کے لیے نہیں کہتے، اس لیے رہائشیوں سے مشتبہ فون کالز یا ٹیکسٹ میسجز سے احتیاط برتنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام نے انکشاف کیا ہے کہ لوگ احتیاط نہ کرنے کی وجہ سے کئی مالیاتی فراڈز میں مبتلا ہو چکے ہیں کیوں کہ انہوں نے فراڈ کرنے والوں کو بینک کارڈز اور OTP کے خفیہ نمبرز حاصل کرنے کے قابل بنا دیا، جس کے نتیجے میں جعلسازوں نے ان کے بینک اکاؤنٹ سے رقم چوری کرلی۔ چند روز قبل بھی حکام نے رہائشیوں کو ایک فراڈ سے خبردار کیا اور صارفین کو مشورہ دیا تھا کہ وہ آن لائن فراڈ سے بچنے کے لیے آفیشل ویب سائٹس تک رسائی حاصل کریں، اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (TDRA) نے اپنے بیان کے ذریعے رہائشیوں کو ایک جعلسازی سے آگاہ کیا، جس میں صارفین کو ڈیلیوری چارجز کی ادائیگی کے لیے مختلف لنکس پر کلک کرنے کا کہا جاتا ہے۔

اتھارٹی نے رہائشیوں پر زور دیا کہ وہ اس طرح کے کسی بھی لنک پر کلک یا ان سے بات چیت نہ کریں اور کسی بھی خدمات کے لیے صرف آفیشل ویب سائٹس سے رابطہ کریں تاکہ آن لائن کسی بھی فراڈ کے جال میں پھنسنے سے بچ سکیں، ایسے جعلی پیغامات کے ذرائع کو روکنے اور ایسے تمام لنکس کو بلاک کرنے کے لیے ضروری کارروائی کی گئی ہے۔