دبئی کی تاریخ کے مہنگے ترین رہائشی اپارٹمنٹ کی فروخت

بلغاری ریزورٹ اور رہائش گاہوں میں تین بیڈ روم کا اپارٹمنٹ 42.9 ملین درہم میں بِک گیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 7 فروری 2023 14:27

دبئی کی تاریخ کے مہنگے ترین رہائشی اپارٹمنٹ کی فروخت
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 07 فروری 2023ء ) متحدہ عرب امارات کی معروف ریاست دبئی کی تاریخ کا مہنگا ترین رہائشی اپارٹمنٹ فروخت ہوگیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق بلغاری ریزورٹ اور رہائش گاہوں میں تین بیڈ روم کا ایک اپارٹمنٹ 13 ہزار 543 فی مربع فٹ میں فروخت کیا گیا ہے، جس سے یہ دبئی میں فی مربع فٹ کی بلند ترین قیمت ہے، اپارٹمنٹ کی مجموعی طور پر 42.9 ملین درہم میں فروخت ہوا، جب کہ سب سے زیادہ قیمت فی مربع فٹ کا پچھلا ریکارڈ بھی گزشتہ سال بلغاری ریزورٹ اور رہائش گاہوں میں تھا، جہاں ایک اپارٹمنٹ 12ہزار624 فی مربع فٹ میں فروخت کیا گیا تھا جس کی کل قیمت 40 ملین درہم تھی۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی کی لگژری پراپرٹی نے کورونا وبا کے بعد بے مثال مانگ دیکھی ہے، جس کی وجہ دنیا بھر سے دولت مند افراد کی یہاں آمد ہے، یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ 2022ء میں 4 ہزار سے زیادہ کروڑ پتی دبئی آئے، یہ رجحان 2023ء میں بھی جاری ہے، یہی وجہ ہے کہ امارات نے سب سے مہنگے اپارٹمنٹ کی فروخت کا مشاہدہ کیا، گلوبل پراپرٹی کنسلٹنٹ نائٹ فرینک کا کہنا ہے کہ دبئی کے 10 ملین ڈالر سے زیادہ کے گھروں کی مانگ میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کی فروخت گزشتہ سال دوگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے کیوں کہ اشرافیہ اور کروڑ پتی وبائی مرض کے بعد امارات پہنچ گئے ہیں، پچھلے سال 10 ملین ڈالر سے زیادہ کی جائیدادوں کے لیے تقریباً 219 ٹرانزیکشنز کی گئیں، جب کہ دبئی میں 2021ء میں یہ تعداد 93 تھی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے ڈرائیون پراپرٹیز کے بانی اور سی ای او عبداللہ الاججی نے کہا ہے کہ دبئی اس وقت دنیا کی سب سے زیادہ مانگ والی مارکیٹ ہے، جس میں رہائشی املاک کے حصے میں اس سال زبردست ترقی کا امکان ہے، یہ فروخت صرف آغاز ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ دبئی رہائشیوں اور بیرون ملک ان لوگوں کے لیے بہت زیادہ پرکشش رہے گا جو جغرافیائی طور پر محفوظ شہر میں صحیح سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔