پائیدار ترقی یافتہ، پُر امن اور فلاحی معاشرہ کے قیام کے لئے ہمیں اپنے ہی قائم کردہ مصنوعی خوف سے باہر آنا ہوگا،موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ

منگل 14 فروری 2023 17:14

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2023ء) معروف سکالر اور موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے کہا ہے کہ ایک پائیدار ترقی یافتہ، پُر امن اور فلاحی معاشرہ کے قیام کے لئے ہمیں اپنے ہی قائم کردہ مصنوعی خوف سے باہر آنا ہوگا۔ دُنیا میں وہی لوگ کامیاب ہیں جو اپنی سوچ کو مثبت اور تعمیری رکھتے ہوئے آگے بڑھتے ہیں اور ایسے لوگوں کا نام نہ صرف ہمیشہ قائم دائم بلکہ رہتی دنیا تک زندہ و جاویدرہتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے یونیورسٹی آف سرگودھا میں منزل ِپاکستان کے حوالہ سے منعقدہ خصوصی مقالمے میں کیا۔ یہ مقالمہ حکومت ِپنجاب اور یونیورسٹی آف سرگودھا کے زیرِ اہتمام ملک فیروز خان نون بزنس سکول میں منعقد کیا گیا۔ قاسم علی شاہ نے کہا کہ اپنی سوچ اور ذات کو محدود کرلینا اور دوسروں کی رائے کو احترام نہ دینے سے ہمارہ معاشرہ ایک ہجوم کی شکل اختیار کرچکا ہے جس سے عدم برداشت، ناقص تنقید اور غیر معیاری گفتگو جیسی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنیا میں انہی لوگوں نے ترقی کی جنہوں نے اپنے عمدہ کردار کی تشکیل کے ساتھ محنت، جرأت، مستقل مزاجی اور خوف سے مبرا ہو کر کام کیا اور ایسے لوگوں کا مقصد حیات اپنے لئے نہیں دوسروں کے لئے جینا ہوتا ہے ۔قاسم علی شاہ نے اس موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کے طلباء و طالبات، اساتذہ، انتظامیہ اور وائس چانسلر کی شب و روز محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شاہینوں کے شہر کی ہردرس گاہ پنجاب کی صف اوّل کی درس گاہ بن چکی ہے اور آج تک یہاں پر کوئی نقص امن کا مسئلہ نہیں۔

خصوصی مقالمے سے خطاب کرتے ہوئے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومنٹیز پروفیسر ڈاکٹر غلام عباس گوندل نے کہا کہ نوجوانوں پر لازم ہے کہ وہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور مضبوط ریاست بنانے کے لئے اپنے اندر تعمیری جذبہ پیدا کریں اور نشان منزل تازہ کرتے ہوئے حوصلہ پیدا کریں کہ ہم نے پاکستان کو جدید اسلامی فلاحی اور ترقی یافتہ مملکت کیسے بنانا ہے، یہ ہمارے لئے بہت بڑی خوش قسمتی ہے کہ ہم یونیورسٹی آف سرگودھا میں اپنے طلباء و طالبات کی تعلیم و تربیت اس سمت میں کررہے ہیں کہ انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کے ساتھ ان کے ذہنوں میں قیام پاکستان کی اہمیت اور مقصد اجاگر کررہے ہیں اور یہی آج کے مقالمے کے اہتمام کا مقصد ہے۔

اس موقع پر شعبہ اُردو کے استاد ڈاکٹر طارق حبیب نے کہا کہ آج کے مقالمے سے طالب علموں کو ایک نئی سوچ، تحریک اورکام کرنے کا جذبہ بھی ملے گا۔ تقریب میں ڈائریکٹر یو ایم سی آر سی پروفیسر ڈاکٹر الیاس طارق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز ڈاکٹر محمود الحسن، ریذیڈنٹ آفیسر فہیم ارشد، ڈائریکٹر ہم نصابی فورم ڈاکٹر محمد منیر گجر، مختلف شعبہ جات کے صدور و اساتذہ اور طالب علموں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ اس موقع پر یونیورسٹی آف سرگودھا کی جانب سے قاسم علی شاہ کو یاد گا ر ی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔