زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 2008سے اب تک بین الاقوامی184 جبکہ قومی 164 ایم او یوز پر دستخط کر چکی ہے

گندم،کپاس و دیگر فصلات کی موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی اقسام کی دریافت یوایس ایڈکے باہمی تعاون سے کی جا رہی ہیں۔سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید

جمعہ 3 مارچ 2023 13:16

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2023ء) گندم،کپاس و دیگر فصلات کی موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت رکھنے والی اقسام کی دریافت کا عمل جاری ہے اور اس سلسلہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اور یوایس ایڈکے باہمی تعاون سے پیش رفت جاری ہے۔فصلوں کی نئی اقسام کی دریافت سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکے زیر اہتمام میلہ جشن بہاراں میں شرکت کے موقع پر یونیورسٹی آف کیلفورنیا کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

یو ایس ایڈ کی اعزازی قونصلیت جنرل مسز کیتھرین اور یونیورسٹی آف کیلفورنیا کے وفد نے سیکرٹری زراعت پنجاب سے ملاقات کی۔اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد رانا اقرار احمد خان نے یونیورسٹی آف کیلفورنیا کے وفد کو یونیورسٹی کے جاری پراجیکٹ سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد 2008سے اب تک بین الاقوامی184 جبکہ قومی 164 ایم او یوز پر دستخط کر چکی ہے اور جامعہ ہذا میں فصلوں کی نئی اقسام کی دریافت کا عمل ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید نے اس زرعی نمائش و گڑ میلہ کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی غیرنصابی اور صحتمندانہ سرگرمیاں نہ صرف طلبا و طالبات پر اچھا اثر ڈالتی ہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو باہمی خیالات کی شئیرنگ کے لئے بھی ایک پلیٹ فارم میسر آتا ہے۔ جس سے جامعہ زرعیہ فیصل آباد کو اپنے اغراض و مقاصد حاصل کرنے میں معاونت ملے گی۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے یونیورسٹی کی فصلات کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے سلسلے میں مربوط ویلیو چین بنانے اور سٹاف کو ٹریننگ کو بھی سراہا ہوئے۔ تقریب کے اختتام پرسیکرٹری زراعت پنجاب نے غیر ملکی وفود کے درمیان یادگاری شیلڈز تقسیم کیں۔