ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کو سپرد خاک کر دیا گیا

شاہدہ اپنے معذور بیٹے کے بہتر مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش میں فروری میں اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 17 مارچ 2023 16:28

ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کو سپرد خاک کر دیا گیا
کوئٹہ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 مارچ 2023ء ) فروری میں اٹلی کے ساحل پر تارکین وطن کی کشتی کے حادثے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی ہاکی کھلاڑی شاہدہ رضا کو جمعہ کو کوئٹہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شاہدہ کی نماز جنازہ اور تدفین ان کی میت اٹلی سے وطن واپس لانے کے بعد عمل میں آئی۔ وہ اپنے حلقوں میں چنٹو کے نام سے بھی جانی جاتی تھیں اور بین الاقوامی سطح پر ہاکی میں پاکستان کی نمائندگی کرتی تھیں۔

شاہدہ مقامی سطح پر بھی فٹ بال کھیلتی تھی۔ شاہدہ رضا اپنے معذور بیٹے کے بہتر مستقبل کو محفوظ بنانے کی کوشش کے لیے پاکستان چھوڑ کر یورپ جارہی تھیں ، وہ اس وقت چل بسیں جب گزشتہ ماہ اٹلی کے ساحل پر انہیں اور دیگر کئی افراد کو لے جانے والی کشتی ڈوب گئی۔ شاہدہ کی دوست اور سابق ساتھی سمایا کائنات کے مطابق 27 سالہ شاہدہ رضا نے اپنا گھر اس مقصد کے ساتھ چھوڑا تھا کہ وہ بالآخر اٹلی یا آسٹریلیا پہنچ جائے اور وہاں سیاسی پناہ حاصل کرے۔

(جاری ہے)

کائنات نے رائٹرز کو بتایا، "وہ خاندان کی واحد کمانے والی تھیں، اس نے مجھے بتایا کہ جیسے ہی اسے نوکری مل گئی، وہ اپنے بیٹے حسن کو اپنے ساتھ لے جائے گی‘۔ کائنات نے مزید کہا کہ 3 سالہ حسن ایک معذوری کے ساتھ پیدا ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ بولنے یا چلنے پھرنے کے قابل نہیں تھا۔ کائنات اور بلوچستان حکومت کے حکام نے بتایا کہ شاہدہ نے 2007ء میں نیشنل لیگ میں ہاکی کھیلنا شروع کی اور برسوں تک مقامی محکموں کی طرف سے انہیں سپانسر کیا گیا۔

کائنات نے کہا کہ جب سپانسر شپ ختم ہوئی تو شاہدہ کو ایک ایسے ملک میں بے روزگار چھوڑ دیا گیا جو دہائیوں سے بدترین معاشی بحران کا شکار ہے۔ اطالوی حکام نے بتایا کہ کم از کم 59 تارکین وطن جن میں پاکستانی بھی شامل ہیں، اٹلی کے جنوبی کلابریا کے علاقے میں طوفانی سمندر میں اوور لوڈ ہونے والی کشتی کے ڈوبنے سے ہلاک ہو گئے۔ مقامی پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں 2 پاکستانیوں اور ایک ترک شخص کو جہاز میں سوار 200 تارکین وطن کی سمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کیا گیا۔