پاکستان واپڈا نےپہلا استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا

جمعرات 30 مارچ 2023 17:04

پاکستان واپڈا نےپہلا استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2023ء) پاکستان واپڈا نےپہلا استاد اسلم روڈا رمضان ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ پاکستان واپڈانے ماڑی پٹرولیم کوشکست دے کر پہلا آل پاکستان استاداسلم روڈا رمضان المبارک فلڈ لائٹس ہاکی ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر نگرانی اور ڈسٹرکٹ ٹوبہ ٹیک سنگھ ہاکی ایسوسی ایشن کے زیر انتظام گوجرہ کے انٹر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقدہ ٹورنامنٹ کے فائنل میں واپڈا نے ماڑی پیٹرولیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 0-3سے شاندار کامیابی حاصل کی،فائنل کے موقع پر ٹورنامنٹ ڈائرکٹر اولمپین ریحان بٹ،عرفان سینئر، استاد اقبال بالی،بابرعبداللہ،خاور جاوید،چیف کوآرڈی نیٹر لیاقت بھٹہ،اولمپین طارق عمران،امپائر منیجر ذوالفقار حسین،منور حسین،اصغر اعوان، مقصود احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی سپورٹس پر براہ راست نشر ہونے والے فائنل کو 10 ہزار سے زائد تماشائیوں نے دیکھا اور دونوں ٹیموں کو عمدہ کھیل پر دل کھول کر داد دی۔فائنل میں کھیل کا آغاز تیز رفتاری سے ہوا تاہم دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر حملے میں محتاط رہیں، فائنل کا پہلا کوارٹر بغیر کسی گول کے برابر تھا۔دوسرے کوارٹرمیں کھیل میں تیزی آئی اور دونوں جانب سے عمدہ مووز بھی بنائی گئیں جس کے نتیجے میں واپڈا کے حنان شاہد نے 25ویں منٹ میں خوب صورت فیلڈ گول سکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

تیسرے کوارٹر میں 40ویں منٹ پر رانا وحید نے پنالٹی کارنر پر گول سکور کر کے برتری کو دگنا کر دیا۔فاتح ٹیم کی جانب سے تیسرا گول حنان شاہد نے 57ویں منٹ میں بنا کر سکور0-3کر دیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔واپڈا نے چار اور ماڑی پیٹرولیم نے تین پنالٹی کارنر حاصل کئے۔اس میچ کو عرفان طاہر اور حافظ عاطف نے سپر وائز کیا جبکہ اسد عباس ریزرو امپائر تھے۔فائنل کے مہمان خصوصی ورلڈ کپ1994کی ٹیم کی فاتح کپتان اولمپین شہباز سینئراور ممبر قومی اسمبلی چوہدری خالدوڑائچ تھے جنہوں نے انعامات تقسیم کئے۔