سعودی عرب نے وزٹ ویزا کے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی

وزٹ اور ٹرانزٹ ویزے کے لیے پاسپورٹ پر سٹیکر کی جگہ کیو آر کوڈ استعمال کیا جائے گا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 24 مئی 2023 10:43

سعودی عرب نے وزٹ ویزا کے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2023ء ) سعودی عرب نے وزٹ ویزا کے نئے طریقہ کار کی منظوری دے دی۔ سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت ہوا، جس میں کابینہ نے وزٹ اور ٹرانزٹ ویزوں کے اجراء سے متعلق نئے طریقہ کار کی منظوری دی ہے، جس کے تحت سعودی دفتر خارجہ نے وزٹ اور ٹرانزٹ ویزے کے لیے پاسپورٹ پر سٹیکر کی جگہ کیو آر کوڈ استعمال کرنے کی ہدایات جاری کردی۔

بتایا گیا ہے کہ نئے نظام کے تحت وزٹ یا ٹرانزٹ ویزا کی کارروائی کرانے والے کے پاسپورٹ پر سٹیکر کی بجائے ای ویزا جاری کیا جائے گا جس پر کیو آر کوڈ ہوگا، اس ضمن میں دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملازمت، اقامہ اور وزٹ ویزوں کا نیا سسٹم اپنانے کی پالیسی کے تحت متعارف کروایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ای ویزا سسٹم 7 ممالک میں نافذ کیا جارہا ہے، جن میں متحدہ عرب امارات، اردن، مصر، بنگلہ دیش، بھارت، انڈونیشیا اور فلپائن شامل ہیں، ان ممالک میں ملازمت، اقامہ، وزٹ اور ٹرانزٹ ویزے آن لائن جاری کرنے کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ خلیجی ممالک کے رہائشیوں کو بذریعہ آن لائن سعودی ای ویزہ کیلئے اپلائی کرنے کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کی مدد سے سعودی حکومت نے خلیجی ممالک میں رہنے والے سیاحوں کیلئے سعودی عرب میں داخلہ انتہائی آسان کر دیا۔ سعودی حکومت کے تازہ ترین اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خلیجی ممالک میں رہنے والے ایسے افراد جو سعودی عرب کا سفر کرنے کے خواہش مند ہیں انہیں آئندہ سے سعودی سفارت خانے جانے کی ضرورت نہیں ہو گی، ایسے افراد بذریعہ آن لائن پورٹل سعودی عرب کے ای ویزہ کے حصول کی درخواست دے سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین ممالک کے پاسپورٹ ہولڈرز کو سعودی عرب آمد پر ویزہ جاری کرنے کی سہولت کی فراہمی جاری رہے گی، ویژن 2030 کی تکمیل کے سلسلے میں مملکت کا رخ کرنے کے خواہش مند افراد کیلئے مملکت آمد آسان سے آسان بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ 2019ء کے بعد سے اب تک 10 لاکھ سے زائد افراد کو سعودی ای ویزے کا اجراء ہو چکا ہے۔