منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع

جمعرات 1 جون 2023 20:41

منسوخ شدہ پرائز بانڈز کو نقد کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2023ء) وفاقی حکومت نے عوام الناس کی سہولت کے لیے 7,500 روپے، 15,000 روپے، 25,000 روپے اور 40,000 روپے مالیت کے پرائز بانڈز کا تبادلہ /نقد کرانے کا ایک اور موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی تھی۔ قبل ازیں حکومت نے ان پرائز بانڈز کو نقد کرانے کے لیے 30 جون 2022 کی تاریخ مقرر کی تھی ، تاہم جو لوگ مقررہ مدت میں یہ پرائز بانڈز تبدیل نہیں کر اسکے انہیں آخری موقع فراہم کرتے ہوئے اس کی تاریخ میں 30 جون 2023 تک توسیع کر دی گئی ۔

مذکورہ پرائز بانڈز کے سرمایہ کاروں کو انہیں نقد کرانے یا تبادلے کے لیے درج ذیل آپشنز دیے گئے ہیں: ظاہری مالیت پر نقد کرانا۔ ان بانڈز کی 25,000 روپے اور /یا 40,000 روپے کے پریمیم پرائز بانڈز (رجسٹرڈ) میں منتقلی۔

(جاری ہے)

انہیں اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹس یا ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹس میں بدلنا۔ان پرائز بانڈز کا تبادلہ ملک بھر میں ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے دفاتر اور کمرشل بینکوں کی برانچوں سے 30 جون 2023 تک کیا جا سکتا ہے۔

اسٹیٹ بینک نے اس ضمن میں کمرشل بینکوں کو توسیع شدہ تاریخ تک پرائز بانڈز نقد کرانے یا ان کا تبادلہ کرنے کی درخواستیں قبول کرنے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔ان بانڈز کو رکھنے والے افراد کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اس آخری موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی ہولڈنگز کا 30 جون 2023 سے قبل تبدیل کرا لیں۔ اس توسیع شدہ ڈیڈ لائن کی میعاد ختم ہونے کے بعد مذکورہ پرائز بانڈز کو نقد یا ان کا تبادلہ نہیں کرایا جا سکے گااور یہ قابل استعمال نہیں رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :