سکھ نوجوانوں پر ہونے والے حملوں میں ملوث شرپسندوں کو جلدانصاف کے کٹہرے میں لایاجائے گا ، فیروز جمال شاہ

پیر 26 جون 2023 16:13

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2023ء) خیبر پختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکا خیل نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس صوبائی دارالحکومت میں سکھ نوجوانوں پر ہونے والے 2حملوں میں ملوث ملزمان کا تعاقب کر رہی ہے جلد ہی شرپسندوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ پیر کے روز وزیر موصوف یہاں گوردوارہ بھائی جوگا سنگھ، محلہ جوگن شاہ پہنچے اور 32 سالہ منموہن سنگھ کے سوگوار خاندان سے تعزیت کی جسے ہفتہ کو رشید گڑھی بازار میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔

وزیر نے بعد ازاں منموہن سنگھ کے والد اور بھائی سے دلی رنج و غم کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ جلد ہی مجرم کو گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ کسی کو صوبے میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نےاقلیتوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کے پی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور وہ بغیر کسی خوف اور پابندی کے اپنی مذہبی، ثقافتی اور روایتی رسومات پر عمل پیرا ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے میں مکمل ہم آہنگی اور بھائی چارہ موجود ہے لیکن مٹھی بھر شرپسند ملک کے امیج کو خراب کرنے کے لیے ریاست دشمن عناصر کے ایجنڈے کے تحت ایسی سرگرمیاں کر رہے ہیں۔دریں اثناء صوبائی وزیر نے جمعہ کو اسی طرح کے ایک حملے میں زخمی ہونے والے ترلوک سنگھ کی بھی ان کی رہائش گاہ پر عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔وزیر نے انہیں بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی اور مالی امداد کے طور پر 500,000 روپے کا چیک بھی دیا۔