لاہور میں نوجوان کی ہوائی فائرنگ کے دوران اسی کا دوست جاں بحق

واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 6 جولائی 2023 11:45

لاہور میں نوجوان کی ہوائی فائرنگ کے دوران اسی کا دوست جاں بحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین- 06 جولائی2023ء) لاہور میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نوجوان کی ہوائی فائرنگ کے دوران اسی کا دوست جاں بحق ہو گیا۔ واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان موٹر سائیکل پر سوار ہیں۔ایک موٹرسائیکل سوار ہوائی فائرنگ کر رہا ہوتا ہے۔کچھ دیر بعد اس کی گولی شکار ہونے والا دوست موٹرسائیکل سے گر جاتا ہے۔

پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم گرفتار کر لیا۔واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے سخت ردِعمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے دیگر قیمتی جانوں کو بھی نقصان ہو سکتا ہے۔پولیس کو ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

صارفین کا کہنا ہے کہ امن واستحکام کیلئے پولیس اور عوام کو ملکر کام کرنا ہوگا۔

منشیات فروشی ، قماربازی اور ہوائی فائرنگ جیسی معاشرتی برائیوں کے حامل افراد کو نشان عبرت بنا نا چاہیے۔جب کہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پر امن اور خوشحال معاشرے کی تکمیل میں شہریوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہییے۔قانون کی بالادستی اور انصاف کے تقاضوں کو ہر حال میں مقدم رکھتے ہوئے معاشرے میں بسنے ولاے ہر فرد کے حقوق کی پاسداری یقینی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب تحصیل کندھ کوٹ میں پرانی دشمنی کے سبب 2 افراد کو قتل کرنے والے قاتل واردات کے بعد خوشی میں ہوائی فائرنگ کرنے لگ۔ صوبہ سندھ کے ضلع کشمور کے شہر کندھ کوٹ میں دو قبائل میں پرانی دشمنی پر جھڑپ ہوئی، جس میں ایک گروپ نے دوسرے کے دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پرانی دشمنی پر فائرنگ کا واقعہ کندھ کوٹ میں کاڑڑا پتن کے قریب پیش آیا، درانی مہر تھانے کی حدود میں قتل ہونے والے دونوں افراد کی لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئیں۔مخالف گروپ نے خونی تنازع کا بدلہ لینے کے بعد اندھا دھند فائرنگ کی، گروپ کی جانب سے خوشی میں کی گئی فائرنگ کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔