نرسوں کی بیرون ملک ملازمت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور، چھٹی کی درخواست پر فیصلہ چار دن میں کیا جائے گا، ڈاکٹر جمال ناصر

بدھ 2 اگست 2023 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اگست2023ء) نگران وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر محکمہ پرائمری ہیلتھ کی طرف سے سرکاری ہسپتالوں میں کام کرنے والی سینئر نرسوں کی بیرون ملک ملازمت کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں، گریڈ 16 سے 19تک ریگولر ملازم نرسوں کو بیرون ملک ملازمت کی خاطر چھٹی دینے کے لئے سہولتیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان کی بیرون ملک رخصت کی درخواست پر فیصلہ چار دن کے اندر اندر کر دیا جائے گا تا ہم ان کے پاس غیر ملکی ہسپتال کی طرف سے ملازمت کی پیشکش کا لیٹر ہونا ضروری ہے۔

بدھ کے روز ایک اجلاس کے دوران انہوں نے بتایا کہ بیرون ملک ملازمت کی خواہشمند نرسوں کو چھٹی کی درخواست اپنے ادارے کے سربراہ کے ذریعے بھجوانا ضروری نہیں، اہل نرسیں درخواستیں براہ راست محکمہ پرائمری ہیلتھ کیئر کے سہولت مرکز میں جمع کروا سکتی ہیں،بیرون ملک چھٹی کی درخواستوں پر تاخیری حربے استعمال نہیں کئے جاسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت انکوائری کا سامنا کرنے والی نرسوں کی بیرون ملک رخصت کی درخواست پر فیصلہ کیس ٹو کیس کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ نرسوں کی بیرون ملک ملازمت سے واپسی کے بعد مقامی مریض اور ہسپتال ان کے تجربے سے استفادہ کر سکیں گے، ان کا بیرون ملک ملازمت کے دوران نرسوں کا قیمتی زرمبادلہ پاکستان بھجوانا قومی خدمت ہوگا۔