سندھ اسمبلی،اختتامی اجلاس ،اسپیکر آغا سراج درانی کو ان کی پارلیمانی خدمات پرخراج تحسین،قرارداد متفقہ طور پر منظور

اس اسمبلی میں ہمارے دوستوں نے میرے لئے جو الفاظ استعمال کیے ،میں ان کا مشکور ہوں،پہلے مجھے گرفتار کیا پھر میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا،میں ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوںمیں بی بی کا جاں نثار ہوں، میں ایسی چیزوں سے نہیں ڈرتا،آغاسراج درانی

جمعہ 11 اگست 2023 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2023ء) سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اختتامی اجلاس میں اسپیکر آغا سراج درانی کو ان کی پارلیمانی خدمات پرخراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی ۔قراردادجی ڈی اے کے رکن عارف مصطفی جتوئی نے پیش کی تھی ۔ قرار داد میںطویل ترین عرصے تک اسپیکر کے منصب پر کام کرنے پر آغا سراج درانی کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

اسپیکر آغا سراج درانی نے قرارداد پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ان کا کہنا تھا کہ میں اللہ تعالی کا مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اتنی ہمت دی کہ اس ایوان کو چلایا۔اسپیکر نے کہا کہ آج ہم پانچ سال مکمل کررہے ہیں۔اس اسمبلی میں ہمارے دوستوں نے میرے لئے جو الفاظ استعمال کیے ،میں ان کا مشکور ہوں۔ آغا سراج نے کہا کہ پہلے مجھے گرفتار کیا پھر میرے گھر پر چھاپہ مارا گیا،میں ان لوگوں کو بتانا چاہتا ہوںمیں بی بی کا جاں نثار ہوں۔

(جاری ہے)

اس موقع پراسپیکر آغا سراج درانی آبدیدہ ہوگئے ۔انہوں نے کہا کہ میں ایسی چیزوں سے نہیں ڈرتا ہوں۔آپ مجھے ضمانت نہیں دے رہے۔میرے پاس عوام کی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی کوانتقام کا نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے لیکن میرے بچوں کو انتقام کا نشانہ بنایا گیایہ تو کوئی سیاست نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ میں نے آئینی طور پر اسمبلی کو چلایا۔مجھے اس پر فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنی قیادت اور وزیر اعلی کو سلام پیش کرتا ہوں جب میری گرفتاری ہوئی تو بلاول پہنچ گئے۔اسپیکر نے اپنے اظہار خیال کے بعد سندھ اسمبلی کا اجلاس برخاست کردیا۔