وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کا صادق عباسی ہسپتال بہاول پورکا دورہ

ایمرجنسی،آپریشن تھیٹرز،سٹورروم،حاضری رجسٹراور ری ویمپنگ کے منصوبوں کا جائزہ لیا

جمعرات 2 مئی 2024 16:06

وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق کا صادق عباسی ہسپتال بہاول پورکا دورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2024ء)صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے رات گئے صادق عباسی ہسپتال بہاول پورکا دورہ کیا۔اس موقع پر خواجہ سلمان رفیق نے ایمرجنسی،آپریشن تھیٹرز،سٹورروم،حاضری رجسٹراور ری ویمپنگ کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیرصحت نے صادق عباسی ہسپتال بہاول پورمیں مریضوں کی عیادت کی اور طبی سہولیات بارے دریافت کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے گا۔ہسپتالوں میں حالات کی بہتری کیلئے ہم سب کو محنت کرنی ہوگی۔خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرزکی کمی کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کریں گے۔ری ویمپنگ منصوبے میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہاہے۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے صادق عباسی ہسپتال بہاول پورمیں ری ویمپنگ کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔