نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل کی ملاقات

پیر 4 ستمبر 2023 22:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2023ء) نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے پیر کے روز پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل شانٹی مورنے وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اُمور ، مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور امریکی ترقیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق معاملات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے اپنی گفتگو میں کہاکہ صوبائی حکومت مختلف شعبہ جات میں امریکی حکومت اور اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور اُمید ہے کہ امریکی حکومت صوبے کے ساتھ تعاون کا یہ سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی ۔ محمد اعظم خان نے کہاکہ ضم شدہ قبائلی اضلاع میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے کیونکہ کئی دہائیوں پر محیط بد امنی کی وجہ سے یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں اور اب ان جنگ زدہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

ضم شدہ قبائلی اضلاع میں روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے ضم اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بچیوں کی تعلیم کا فروغ بھی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں سرفہرست ہے ، نگران صوبائی حکومت ان شعبوں میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کر ے گی اور اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت ،خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔اُنہوں نے مزید کہاکہ امریکی حکومت صوبے کے آثار قدیمہ ،تاریخی عمارتوںاور ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے پر کام کرنے کی بھی خواہاں ہے۔