ڈراموں میں رشتوں کی پامالی دکھانے پر مشی خان کی سخت تنقید

پیر 18 ستمبر 2023 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2023ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مشی خان نے پاکستانی ڈراموں میں قابلِ احترام رشتوں کی منفی انداز میں تصویر کشی کرنے پر سخت تنقید کی ہے۔مشی خان نے حال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے آج کل پاکستانی ڈراموں میں دکھائے جانے والے مواد پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ گھروں میں قریبی رشتے جو ہماری تہذیب کا اہم حصہ ہیں جیسے کہ بھائی بہن کا رشتہ، دیور بھابھی کا رشتہ انہیں آج کل کے پاکستانی ڈراموں نے منفی تصویر کشی کے ذریعے گندا اور غلیظ بنا دیا ہے۔مشی خان نے کہا کہ جب ہم ایسے ڈرامے بنانے والوں سے پوچھتے ہیں کہ وہ اس طرح کے ڈرامے کیوں بنا رہے ہیں تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ ہمارے معاشرے میں یہ سب کچھ ہو رہا ہے اس لیے ہم دکھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمارے کسی محلے کے ایک گھر میں ایسا ہو بھی رہا ہے اور محلے کے باقی 10 گھروں میں تو ایسا کچھ نہیں ہو رہا لیکن جب یہ سب ٹی وی اسکرین پر دکھایا جاتا ہے تو وہ 10 گھر جہاں رشتوں کا بہت احترام کیا جاتا ہے انہیں بھی یہ پتہ چلتا ہے کہ رشتوں میں ایسا نامناسب رویہ بھی ہوتا ہے۔مشی خان نے کہا کہ یہاں پوری ایک مافیا موجود ہے جو ڈراموں میں ایسا مواد دکھا کر ہمارے معاشرے کو تباہ کرنے کے لیے بہت سارے فنڈز دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ڈرامے بنانے والے یہ بھی کہتے ہیں کہ ہم ایسے ڈرامے اس لیے بھی بناتے ہیں کیونکہ لوگ ایسی ہی چیزیں دیکھنا چاہتے ہیں۔مشی خان نے اس بات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس بات میں سچائی ہے کہ لوگ ایسی ہی چیزیں دیکھنا چاہتے ہیں تو پھر تاریخی ترک سیزیز ارطغرل غازی کو تو پاکستان میں فلاپ ہو جانا چاہیے تھا۔