لیسکو میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن 17ویں روز بھی جاری ،متعدد بجلی چور گرفتار،ترجمان لیسکو

ہفتہ 23 ستمبر 2023 11:59

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 ستمبر2023ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن 17ویں روز بھی جاری رہا،متعدد بجلی چور گرفتار۔ترجمان لیسکو کے مطابق آپریشن کے دوران تمام سرکل میں مزید 506کنکشنز بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،505بجلی چوروں کے خلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں متعلقہ تھانوں میں دائر کر دی گئی ہیں جن میں سے292ایف آئی آرز رجسٹرڈ ہو چکی ہیں جبکہ20ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیاہے، پکڑے جانے والے کنکشنز میں زرعی1،کمرشل19 اور486ڈومیسٹک تھے،تمام کنکشنز منقطع کر کے ان سے934942یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 36813404روپے ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوری میں زرعی اور صنعتی صارفین بھی ملوث پائے گئے جن کے کنکشنز منقطع کئے گئے اور ان سے بھی ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے بتایا کہ مستوال الہ آباد میں زرعی کنکشن کو 14949یونٹس چوری کرنے پر373421روپے،اینکس امامیہ کالونی فیروز والا میں ایک کنکشن کو6020یونٹس چوری کرنے پر500000روپے،فیکٹری ایریا میں3200یونٹس چوری کرنے والے کنکشن کو 300000روپے،فیروز والا میں کنکشن کے صارف کو4000یونٹس چوری کرنے پر250000روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

ترجما ن کے مطابق لیسکو ریجن میں17روز کے آپریشن کے دوران کل7726کنکشن چیک کئے گئے،7078کنکشن کیخلاف ایف آئی آرز کی درخواستیں جمع کروائی گئیں جن میں سے5993درخواستیں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں،کل476ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے اور بجلی چوروں سے اب تک مجموعی طور پر16886248 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت732776020 روپے ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ بجلی چوروں کیخلاف آپریشنز وفاقی پاور ڈویژن کی جانب سے دی گئی ہدایات کے مطابق کئے جا رہے ہیں اور چیف ایگزیکٹو انجینئر شاہد حیدر بذاتِ خود ان آپریشنز کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیسکو چیف کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا اور آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنیوالے سہولت کار لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :