پاک فوج نے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن کرکے قوم کاسرفخر سے بلند کردیا، ڈاکٹرراغب حسین نعیمی

ہفتہ 10 مئی 2025 16:00

پاک فوج نے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن کرکے قوم کاسرفخر سے بلند کردیا، ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2025ء) تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیراہتمام ہفتہ کے روز بھارتی جارحیت کےخلاف اور پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہورمیں ریلی نکالی گئی۔ریلی کی قیادت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے کی۔ اس موقع پرمختلف دینی مدارس کے ناظمین، اساتذہ وطلبہ سمیت شہریوں کی کثیرتعداد شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے بھارتی جارحیت کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں شدیدنعرے بازی کی،علما کرام نے کامیاب آپریشن ''بنیا ن المرصوص'' پرپاک فوج کوخراج تحسین پیش کیا۔ چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی نے ریلی کے شرکا سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کےخلاف کامیاب آپریشن کرکے قوم کاسرفخر سے بلند کردیا،پوری پاکستانی قوم پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دشمن جب بھی پاکستان پر جارحیت کرے گا تو اس کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاکستانی فوج اپنی ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے ،بھارتی جارحیت کے خلاف پوری قوم متحد اورعزم ہے۔ ڈاکٹرراغب نعیمی نے مطالبہ کیا کہ عالمی فورمز پر بھارت کی مذموم کارروائیوں کو بے نقاب کیا جائے اور اس کی پاکستان کے خلاف بزدلانہ کارروائیوں کو دنیا کے سامنے رکھا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ایک جھوٹا اور مکار دشمن ہے جس نے ہمیشہ خطے کے امن کو تباہ کرنے کیلئے بے شمار چالیں چلیں،بھارت نے جنگ میں پہل کر کے ہمیشہ بھاری نقصان اٹھایا،آج بھی بھارت نے پاکستان پر بغیر ثبوت کے دہشت گردی کا جھوٹا الزام لگا کر اپنی ذہنی خباثت کو واضح کر دیا ہے ۔