وزیراعظم کا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج یومِ تشکر منانے کا اعلان

پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے؛ شہباز شریف کا بیان

اتوار 11 مئی 2025 01:10

وزیراعظم کا آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آج یومِ تشکر منانے کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن "بنیان المرصوص " کی کامیابی پر آج بروز اتوار کو ملک بھر میں یومِ تشکر منانے کا اعلان کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ یہ دن اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لانے، افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے اور پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہنے کے لیے منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن"بنیان مرصوص" نے دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دیا اور پاکستان نے ہر محاذ پر برتری ثابت کی، ہم اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں، جس نے ہمیں سرخرو فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی جارحیت کے باوجود پاکستان نے صبر و تحمل لیکن مکمل تیاری کے ساتھ اپنے دفاع کو یقینی بنایا، قوم بالخصوص علماء کرام آج پورے ملک میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کریں، یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور شہداء و غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کریں، افواج پاکستان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔