براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مدمیں مالی سال کے پہلے دوماہ میں 49.2 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی

جمعرات 28 ستمبر 2023 15:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2023ء) ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مدمیں جاری مالی سال کے پہلے دوماہ میں 49.2 ملین ڈالراپنے ممالک منتقل کئے۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی اوراگست میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مدمیں 49.2 ملین ڈالراپنے ممالک منتقل کئے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 74.46 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مدمیں 28.2 ملین ڈالراپنے ممالک منتقل کئے تھے۔

پیٹرولئیم مصنوعات کی صفائی (ریفائننگ) کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ 27.4 ملین اپنے ممالک منتقل کئے جبکہ کان کنی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں نے 13.9 ملین ڈالرمنتقل کئے۔اعددوشمارکے مطابق اگست میں ملک میں براہ راست سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مدمیں 47.1 ملین ڈالرکی منتقلی ریکارڈکی گئی۔