ورلڈ فوڈ ڈے پر کراچی یونیورسٹی میں قائم فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا جائے گا ، آغا فخر حسین

لیب میں تربیت کے ذریعے اتھارٹی کے عملے کو ٹیسٹنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں،ڈی جی سندھ فوڈ اتھارٹی

اتوار 8 اکتوبر 2023 16:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2023ء) ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے فوڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کراچی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر 16اکتوبر کو کراچی یونیورسٹی کے اشتراک سے ورلڈ فوڈ ڈے منانے کے لئے انتظامات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کی۔ ڈائریکٹر جنرل آغا فخر حسین نے بتایا کہ ورلڈ فوڈ ڈے پر کراچی یونیورسٹی میں قائم فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کیا جائے گا ۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے کراچی یونیورسٹی میں قائم ہونے والی فوڈ ٹیسٹنگ لیب کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر چیئرپرسن فوڈ سائنسز ڈپارٹمنٹ میڈم شاہینہ، اسٹنٹ پروفیسر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر غفران سعید، پروفیسر سید طفیل حسین شاہ سندھ یونیورسٹی، ڈائریکٹر ٹیکنکل سندھ فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر احمد علی شیخ اور نیوٹریشن انٹرنیشنل کے معین قریشی بھی ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی آغا فخر حسین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سائنسز کے ماہرین سندھ فوڈ اتھارٹی کے اسٹاف کو تربیت دے ہیں اور ہم تمام اسٹیک ہولڈرز بشمول نیوٹریشن انٹرنیشنل کے ساتھ مل کر سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے کی استعداد کو بہتر بنا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لیب میں تربیت کے ذریعے اتھارٹی کے عملے کو ٹیسٹنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہے ہیں۔تربیت یافتہ عملہ اپنے فرائض بہتر طریقے سے انجام دے سکتا ہے۔