اساتذہ و ملازمین کیخلاف پنجاب بھر قائم مقدمات ،شوکاز نوٹسز واپس لئے جائیں‘پنجاب ٹیچرز یونین

ہماری جدوجہد پرامن تھی اور جاری رہے گی،پرامن احتجاجی تحریک کے دوران کسی سرکاری ونجی املاک کو نقصان نہیں پہنچا

پیر 23 اکتوبر 2023 23:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2023ء) پنجاب ٹیچرز یونین نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سکولوں میں درس وتدریس کا عمل بحال ہو چکا ہے لہٰذا اساتذہ و ملازمین کے خلاف 10 اکتوبر کے بعد درج مقدمات اور شوکاز نوٹسسز فی الفور واپس لئے جائیں ۔پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر چوہدری محمد سرفراز، رانا لیاقت علی،امتیاز طاہر، نادیہ جمشید،جام صادق، رانا انوار،،طارق زیدی ،بشارت چٹھہ ، ساجد محمود چشتی، عبدالقیوم راہی ، سعید نامدار، افضل کیانی، چوہدری رفیق ،طاہر وڑائچ، ظفر جمال ،رحمت اللہ قریشی، عبد الطارق نیازی،رانا طارق،مرزا اختر بیگ، عابد محمود ڈوگر صفدر کالرو، شیکیل احمد چوہدری، منیر انجم نے کہا کہ آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس پنجاب کی 5 ستمبر سے شروع ہونے والی پرامن احتجاجی تحریک کے دوران کسی سرکاری ونجی املاک کو نقصان نہیں پہنچا اساتذہ نے سکولوں ، سڑکوں، چوراہوں میں پرامن بیٹھ کر احتجاج جاری رکھا لیکن پرامن اساتذہ و ملازمین پر تشدد، انہیں گرفتار اور نظر بند کیا گیا مقدمات درج کیے گئے شوکاز نوٹسسز جاری کئے گئے مگر اساتذہ و ملازمین نے صبر وتحمل سے تمام صعبوتیں برداشت کیں ،ہماری جدوجہد پرامن تھی اور جاری رہے گی ہم اپنے معاشی اور ملازمتی حقوق کا تحفظ ہرممکن یقینی بنائیں گے ،تعلیمی اداروں کو پرائیویٹ سیکٹر کو حوالگی یا ان کی مداخلت کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری سکولز سے مطالبہ ہے کہ سرکاری سکولوں میں درس وتدریس کا عمل بحال ہو چکا ہے اساتذہ و ملازمین کے خلاف 10 اکتوبر کے بعد درج مقدمات اور شوکاز نوٹسسز فی الفور واپس لئے جائیں تاکہ تعلیمی امن برقرار رہ سکے۔