نوجوان نسل نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے، خواجہ مظہرالحق

جمعہ 27 اکتوبر 2023 15:35

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2023ء) ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب خواجہ مظہر الحق نے کہا ہے کہ سکولمپکس گیمز کے انعقاد سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد ملے گی،نوجوان نسل کھیل کے میدان آباد کرےاورنصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پروٹوٹائپ سپورٹس جمنازیم رحیم یار خان میں محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر اہتمام سکولمپکس گیمز(سیزن تھری) کے سلسلے میں سکولمپکس مشعل فروزاں کرنے کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

خواجہ مظہرالحق نے کہا کہ سکولمپکس گیمز کے انعقاد کا مقصد تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی روایات کا احیاکرنا، بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا کرنے کے لیے نرسریاں تیار کرنا، نوجوانوں میں ڈسپلن، سپورٹس مین سپرٹ اور صحت مند عادات کو فروغ دینا ہے،تاکہ وہ کمپیوٹر، ویڈیو گیمز، موبائل کے بے جا استعمال سے دوررہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان شکیل احمد بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کی جانب سے سکولمپکس کا انعقاد ایک شان دار اقدام ہے۔

طلباو طالبات پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیل کی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چرھ کر حصہ لیں۔تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سکینڈری) رحیم یار خان و پروگرام کے فوکل پرسن ملک محمد عامر نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیر سرپرستی جنوبی پنجاب کے تینوں ڈویژنزمیں سکولمپکس منعقد کی جا رہی ہیں ،جن میں جنوبی پنجاب کے 11 اضلاع اور آزاد کشمیر و گلگت بلتستان سمیت ملک کے چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کھلاڑی مقابلہ جات میں حصہ لیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سکولمپکس مشعل رحیم یار خان سے روشن کی گئی ہے جو ایک ضلع کے کھلاڑیوں سے دوسرے ضلع کے کھلاڑیوں تک منتقل ہوتی ہوئی 6 نومبر کو بہاولپورمیں منعقد ہونے والی سکولمپکس کی افتتاحی تقریب میں پہنچے گی۔بعد ازاں سکولمپکس مشعل کو فروزاں کیا گیا، طلبا و طالبات کے ہمراہ روشن ہونے والی سکولمپکس مشعل کو پروٹوٹائپ سپورٹس جمنازیم سے رحمتہ اللعالمین چوک، ڈپٹی کمشنر چوک اورسٹی پارک چوک رحیم یار خان کے راستوں سے گزار کرسی ای او ایجوکیشن راجن پور کے سپرد کیا گیا۔