غازی علم الدین شہید عظیم مجاہد و محافظ ختم نبوت تھے،اپنی جان کا نذرانہ دے کر عشق مصطفیﷺ کا عملی ثبوت دیا،علماء کرام

غازی علم الدین شہید عشق رسولﷺ کا استعارہ بن چکے ہیںانہوںنے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم راہ دیکھائی،مولاناعزیزالرحمن ثانی و دیگرکا اجتماع سے خطاب

بدھ 1 نومبر 2023 16:02

ٹھل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2023ء) غازی علم الدین شہید عظیم مجاہد و محافظ ختم نبوت تھے،اپنی جان کا نذرانہ دے کر عشق مصطفیﷺ کا عملی ثبوت دیا۔رہتی دنیا تک غازی علم الدین شہید کے تذکرے ہوتے رہیں گے اور انکا نام ہمیشہ تاریخ کے اوراق میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ غازی علم الدین شہید عشق رسولﷺ کا استعارہ بن چکے ہیں۔

غازی علم دین کی شہادت نے ملت اسلامیہ کے دلوں میں عشق رسولﷺ کی شمع فروزاں کی۔مسلمان کی زندگی کا مقصد ہی ختم نبوت اور ناموس رسالت کا تحفظ کرنا ہے جوکہ غازی علم الدین نے کر کے دکھا یا ہے۔ غازی علم دین شہید نے برصغیر کے مسلمانوں کو عظیم راہ دیکھائی۔ان خیالات کا اظہار عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیزالرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولاناعبدالنعیم، قاری علیم الدین شاکر، پیررضوان نفیس،مولانا عبدالعزیز،مولانامحبو ب الحسن طاہر،قاری ظہورالحق نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر کے مسلمان ہمیشہ قافلہ عشق و مستی کے سپہ سالار حضرت غازی علم دین شہید کے سر تا پا ممنون رہیں گے۔ نبی پاک ﷺ کے عشق کے حوالے سے ایک عظیم داستان رقم ہوئی۔علما نے کہا کہ عشق رسولﷺ کا جام غازی علم دین شہید کو ہمیشہ کے لیے دوام بخش گیا اور آج بھی علم دین شہید مسلمانوں کے دلوں میں زندہ ہیں بلکہ مسلمانوں کے لیے عشق رسولﷺ کے فروغ کے لیے ایک عظیم مینارہِ نور ہیں۔جب بھی کبھی کفار کی جانب سے مسلمانوں کے ایمان کی حرارت کو چیک کرنے کے لیے کوئی سازش کوئی گستاخی ہوتی ہے تو غازی علم دین شہید کے پیرو کار میدان عمل میں ہوتے ہیں۔