نامور دانشور جمیل الدین عالی کی برسی کل منائی جائے گی

بدھ 22 نومبر 2023 16:54

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2023ء) پاکستان کے نامور دانشور، شاعر، مصنف، محقق جمیل الدین عالی جو 23نومبر2015کو 90برس کی عمر میں اپنے خالق حقیقی سے جا ملے تھے کی آٹھویں برسی 23نومبر بروزجمعرات کو منائی جائے گی۔جمیل الدین عالی پاکستان رائٹرز گلڈ کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہنے کے علاوہ انجمن ترقی اردو سے ایک طویل عرصہ تک وابستہ اور اپنی انتہائی قابلیت سے ملک میں اردو زبان کی ترقی اور ترویج کیلئے کام کرتے رہے یہی وجہ ہے کہ اردو کیلئے ان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وہ پاکستان کے معروف اخبارات میں کئی دہائیوں تک باقاعدگی سے کالم لکھتے رہے جبکہ ان کی لکھی ہو ئی کتابوں میں اے میرے دشت سخن، جیوے جیوے پاکستان، لاحاصل، نئی کرن، دعا کر چلے اور صدا کر چلے شامل ہیں نیز ان کے مشہور سفر ناموں میں دنیا میرے آگے، تماشا میرے آگے، شنگھا ئی کی عورتیں، ایشین ڈرامہ، بس ایک گوشہ، مہر ماہ وطن، ا صلات بینکاری قابل ذکر ہیں اسی طرح ان کے دوہڑو ں نے بھی زبر دست شہرت حاصل کی۔

(جاری ہے)

وہ پاکستان میں دوہڑو ں کے خالق جانے جاتے ہیں۔ جمیل الدین عالی 20جنوری 1925کو دہلی میں پیدا ہوئے ان کے والد نوابزادہ امیر الدین خان مرزا غالب کے خانوادے جبکہ والدہ سیدہ جمیلہ بیگم خواجہ میر درد کے خاندان سے تعلق رکھتی تھیں۔