فیصل آباد میں فضائیہ سکول کا قیام ضروری ہے، چیمبر بھرپور تعاون کرے گا، صدر فیصل آباد چیمبر

جمعہ 1 دسمبر 2023 12:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 دسمبر2023ء) پاک فضائیہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے کئی خاندان فیصل آباداور گردونواح میں مقیم ہیں جن کے بچوں کو اعلیٰ پیمانے کی تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلئے یہاں فضائیہ سکول کا قیام اشدضروری ہے جبکہ مذکورہ سکول میں عام سویلینزکے بچے بھی تعلیم حاصل کر سکیں گے جن کیلئے بعد میں فضائیہ میں کمیشن اور بھرتی آسان ہو جائے گی نیزایوان صنعت وتجارت کی جانب سےفیصل آباد میں فضائیہ سکول کے قیام کیلئے ہر ممکن کوششیں اوربھرپور تعاون کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے پی اے ایف رسالہ والا کے فلائٹ کمانڈر سکواڈرن لیڈر محمد عثمان سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر اعلیٰ حکام سے بھی رابطہ کریں گے تاکہ اس تجویز کو جلد عملی شکل دی جا سکے۔ سکواڈرن لیڈر محمد عثمان نے کہا کہ وہ اس مجوزہ سکول کیلئے جگہ مہیا کر سکتے ہیں جبکہ عمارت کی تعمیر کیلئے مقامی صنعتکاروں اور مخیر حضرات کو آگے آنا ہوگا۔ ملاقات میں فیصل آبادچیمبرآف کامرس کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشدودیگرحکام بھی موجود تھے۔