گوجرانوالہ،انٹر ڈسٹرکٹ انڈر19 کھیلوں کے مقابلوں کاانعقاد6دسمبرسے ہوگا

ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:00

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 دسمبر2023ء) گوجرانوالہ میں انٹر ڈسٹرکٹ انڈر19 کھیلوں کے مقابلوں کاانعقاد6دسمبرکورنگارنگ افتتاحی تقریب سے ہوگا، لڑکوں کے 9 اورلڑکیوں کے 7ایونٹس ہوں گے،میچز سے قبل فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائےگی۔ ان خیالات کا اظہار ڈویژنل سپورٹس آفیسر فیصل امیرخان نے کیا ،انہوں نے کہا کہ کمشنر گوجرانوالہ نویدحیدرشیرازی کی ہدایت پرمحکمہ سپورٹس اورضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے میگاسپورٹس ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے،ایونٹ میں ریجن کے چھ اضلاع گوجرانوالہ،سیالکوٹ،منڈی بہائوالدین،نارووال، گجرات اورحافظ آباد کے سکولوں کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

افتتاحی تقریب جناح اسٹیڈیم گوجرانوالہ کھلاڑیوں کے مارچ پاسٹ سے ہوگی، 3 روزہ ایونٹ میں لڑکوں کے درمیان 9 کھیلوں جن میں اٹھلیٹکس، فٹ بال، ہاکی، والی بال، کرکٹ، کبڈی، ریسلنگ ، ہینڈ بال اور تیکوانڈو شامل ہیں کے مقابلے ہوں گے جبکہ گرلز ایونٹ میں ایتھلیٹکس، باسکٹ بال، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس ہینڈ بال اور تیکوانڈوکے مقابلے ہوں گے، افتتاحی تقریب میں ٹیموں کے ساتھ ساتھ سکول اور کالجز کے طلبہ وطالبات بھی بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

فیصل امیر خان کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے انعقاد کا مقصد سکولوں کی سطح پربچوں میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا ہے۔