Live Updates

پی ایس ایل میچز کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے اہم پیش رفت

پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ کی جانب سے فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں روکنے کی ہدایت

muhammad ali محمد علی اتوار 11 مئی 2025 00:22

پی ایس ایل میچز کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے اہم پیش رفت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی2025ء) پی ایس ایل میچز کے دوبارہ آغاز کے حوالے سے اہم پیش رفت۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ میچز کے انعقاد کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے اہم پیش رفت اس وقت ہوئی جب پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا اعلان ہونے کے بعد پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب سے تمام فرنچائزز سے رابطہ کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ نے فرنچائزز کو غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں روکنے کا کہہ دیا۔ ذرائع کے مطابق فرنچائزز نے غیر ملکیوں کے ساتھ مقامی کھلاڑیوں کو بھی ذہنی طور پر تیار رہنے کا کہہ دیا ہے اور پیغام دیا گیا ہے کہ ممکن ہے پی ایس ایل کیلئے اسلام آباد میں اکٹھا ہونا پڑے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے سیزن 10 کے باقی میچز کے حوالے سے ہوم ورک شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ میچز راولپنڈی اسٹیڈیم میں کرائے جائیں۔ تاہم اس حوالے سے حتمی اعلان مشاورت اور غور و فکر کے بعد کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے سیز فائر کے حوالے سے 12 مئی کے بعد کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کے انعقاد سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ واضح رہے پاک بھارت کشیدگی کے باعث پاکستان سپر لیگ 10 کے بقیہ میچز کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات