ہڈور میں چلتی بس میں مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کر نے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں ،جے یوآئی ڈپٹی جنرل سیکرٹری

اتوار 3 دسمبر 2023 17:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) جمعیت علما اسلام گلگت بلتستان کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری بشیر احمد قریشی نے سانحہ ہڈور کو انتہائی بزدلانہ قرار دیکر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔اتوار کو جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چلاس ہڈور کے مقام پر چلتی بس میں سوار مسافروں پر اندھا دھند فائرنگ کر کے 9 مسافروں کو شہید اور 25 کو زخمی کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں ،یہ سفاک اور بزدل درندہ صفت لوگوں کی کارستانی ہے ،انہوں نے اس سانحے کو گلگت بلستان کا بہت بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کو دیامر کی حدود میں بننے والا میگا پراجیکٹ ہضم نہیں ہو رہا اسی لئے اس خطے کو بدامنی کی جانب دھکیلنے کے لئے درندگی پر اتر آئی ہیں،انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں بسنے والے تمام لوگ ایک اکائی ہیں جو اغیار کو برداشت نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر سانحے کی شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور ذمہ داراان کو قرارواقعی سزادی جائے،بشیر احمد قریشی نے مزید کہا کہ دشمن سن لے ایسے ہتھکنڈوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے ،پوری جی بی کی عوام امن اور بھائی چارے کے فروغ کے لئے یکجان ہے جسے کوئی تقسیم نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے سانحے میں شہید ہونے والوں کے ورثا سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔