کراچی،بدنام زمانہ اسٹریٹ کرمنل و ڈکیت نعمت اللہ عرف مطہ گینگ کے 2ملزمان گرفتار، اسلحہ برآمد

جمعرات 7 دسمبر 2023 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) اے وی سی سی پولیس نے بدنام زمانہ اسٹریٹ کرمنل و ڈکیت نعمت اللہ عرف مطہ گینگ کے 2ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق ایس پی اے وی سی سی / سی آئی اے ظفر صدیق چھانگا نے شہر کراچی میں بڑھتی ہوئی اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کو دیکھتے ہوئے ایچ او تھانہ اے وی سی سی انسپکٹر علی محمد مہر کی سربراہی میں ایک پولیس پارٹی کی ٹیم کو شہر کے کو کرائم کنٹرول کرنے کے لیے روانہ کیا۔

حسب ہدایت افسران بالا پولیس ٹیم تلاش مفروران و اشتہاری ملزمان اغواہ برائے تاوان اور اسٹریٹ کرائم میں مصروف تھی کہ اسی دوران مخبر خاص نے اطلاع دی کہ 03 ملزمان بمقام اسپارکو روڈ نزد ایدھی قبرستان، مواچھ گوٹھ کراچی پر واردات کی نیت سے کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ایچ او تھانہ اے وی سی سی انسپکٹر علی محمد مہر بمعہ پولیس پارٹی نے ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزمان نے پولیس پارٹی کو اپنی طرف آتا دیکھ کر پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکو گرفتار جبکہ 1 ملزم اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہوگیا۔

جس کی تلاش جاری ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت سلمان ولد حضرت شاہ اور سعید خان ولد پیر محمد کے نام سے ہوئی۔گرفتار ملزمان سے 2 عدد پسٹل 30 بور بمعہ 6 راونڈز برآمد ہوئے۔گرفتار ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں اور پہلے بھی جیل جا چکے ہیں۔ملزمان سے مزید انکشافات کی توقع ہے۔