جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی قائدین کا جے یو آئی کے رہنما قاری شیر افضل کی وفات پر افسوس کا اظہار

جمعرات 14 دسمبر 2023 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2023ء) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی قائدین نے جے یو آئی کے رہنما قاری شیر افضل کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو مرکزی میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جے یو آئی کے مرکزی قائدین سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری، مولانا قمر الدین، مولانا ابو الفتح محمد یوسف، سائیں عبدالقیوم ہالیجوی، محمد اسلم غوری، مولانا امجد خان، اکرم خان درانی، مفتی ابرار احمد خان، مولانا صلاح الدین اور عبدالرزاق عابد لاکھو نے قاری شیر افضل کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا کہ قاری شیر افضل کی وفات پر دل غمزدہ ہے، ان کی زندگی جہد مسلسل سے عبارت ہے۔ ترجمان محمد اسلم غوری نے کہا کہ قاری شیر افضل مرحوم نے ہر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ مولانا امجد خان نے کہا کہ مرحوم نے ایم آر ڈی دور میں جمہوریت کے لئے قربانیاں دیں۔ اکرم خان درانی نے کہا کہ ہم نظریاتی رہنما سے محروم ہوگئے ہیں۔ مولانا قمر الدین نے کہا کہ دعا ہے اللہ کریم قاری شیر افضل مرحوم کو اعلی علیین میں مقام عطا فرمائے اور ان کی خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمائے۔ مفتی ابرار نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔