سانحہ اے پی ایس کے شہدا کی یاد میں سکھر میں تقریب کاانعقاد

ہفتہ 16 دسمبر 2023 23:07

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2023ء) سکھرسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے کہا ہے کہ سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے بچوں کی شہادت قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی، سفاک دہشتگرد وں نے درس و تدریس کے دوران سکول پر حملہ کر کے تعلیم ، پاکستان کے معماروں اور ہمارے مستقبل کو تاریک کرنے کی ناکام کوشش کی، حصول تعلیم کے دوران معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر دہشتگرد عناصر نے کئی مائوں کی گودیں اجاڑیں ، معصوم بچوں، اساتذہ نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جس پر پوری قوم انہیں سلام اور خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے تاجر سیکرٹریٹ گولڈ سینٹر صرافہ بازار میں سانحہ آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداءکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں حاجی غلام شبیر بھٹو،حاجی عبدالستار راجپوت،عبدالقادر شیوانی، رئیس قریشی، حافظ محمد شریف ڈاڈا،محمد عامر فاروقی، شکیل قریشی، بابو فاروقی، محمد منیر میمن، محمد کاشف شمسی،عبدالباری انصاری، مختیار شامی،احسان بندھانی، طارق علی میرانی، سلیم مالا، محبوب صدیقی،جاوید میمن، سید محمد شاہ،جاوید کھوسو، شعیب میمن،شاہد علی مگسی، ایاز علی ابڑو، ذاکر خان،اعظم خان، ڈاکٹر سعید اعوان، امداد جھنڈیر، محمدسجاد عامر، فخرالدین، صداقت خان و دیگر تاجر برادری کے لوگ شریک تھے۔

حاجی محمد جاوید میمن و دیگر رہنمائوں کا مزید کہنا تھاکہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان نے مثالی اقدامات اٹھائے ہیں، وطن عزیز پاکستان کے استحکام، سلامتی، خوشحالی کیلئے تاجر برادری اور پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،ملک کی بقاکیلئے کسی بھی قربانی سے گریز نہیں کرینگے۔ اس موقع پر انہوں نے سانحہ اے پی ایس کے شہداکے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور وطن عزیز پاکستان میں امن و امان، سلامتی کیلئے دعا بھی کی گئی۔