نت نئی ٹیکنالوجیز اور تھیوری سے نا واقف طلبا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی

جمعرات 21 دسمبر 2023 19:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 دسمبر2023ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ طالبعلم کی تعلیم و تربیت میں استاد کا کردار بہت اہم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام گیارہویں بین الاقوامی تعلیم پر تحقیق کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی عابد شیروانی،ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری،چیئرمین شعبہ ایڈوانسڈ سٹڈیز ان ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹرمحمد شاہد فاروق،کالم نگار پروفیسر نعیم مسعود، سابق ڈائریکٹرز، محققین، ماہرین تعلیم، فیکلٹی ممبران اور طلباطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے تدریسی طریقوں کو بہتر بنانا ہوگا،دنیا ایک گلوبل ویلج بن چکی ہے جہاں نت نئی ٹیکنالوجیز اور تھیوری سے نا واقف طلبا ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ و ملازمین کی تربیت کے لیے سنٹر فعال ہے۔عابد شیروانی نے کہا کہ بہترین اور جدید تدریسی طریقوں سے ہی معاشرے میں تبدیلی لا ئی جا سکتی ہے،دنیا میں ترقی یافتہ ممالک تعلیم و تحقیق پر سرمایہ کاری کررہے ہیں۔

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں ٹیچر ٹریننگ پروگرام میں تعاون کی پیش کش کی۔ پروفیسر ڈاکٹر طارق محمود چوہدری نے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تدریس کے جدید طریقوں سے آشنائی وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے لئے کانفرنس سود مند ثابت ہوگی۔ڈاکٹر رفاقت علی اکبر نے کہا کہ اساتذہ کی تعلیم کے حوالے سے مزید تحقیقی کام ضروری ہے،ایک اچھا استاد ہی اچھے طالبعلم پیدا کر سکتا ہے۔کانفرنس میں 157پریزینٹر نے تحقیقی مقالے پیش کئے۔