زرعی شعبہ کی کم پیداواریت سمیت مختلف مسائل کے حل کیلئےتحقیقات ناگزیر ہیں،ماہرین

بدھ 27 دسمبر 2023 12:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے کہا کہ زرعی شعبہ کو کم پیداواریت، موسمیاتی تبدیلیوں، تصدیق شدہ بیج کی فراہمی سمیت مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جن پر قابو پانے کیلئے مسائل کے حل پر مبنی تحقیقات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ پائیدار زراعت کے حصول کیلئے جدید رحجانات کو اپنانا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے تاکہ فوڈ سکیورٹی اورتخفیف غربت جیسے اہداف حاصل کئے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی کے تدریسی و غیرتدریسی عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد مستقل بنیادوں پر کیا جائے گا تاکہ طلبا، کاشتکاروں اور سٹیک ہولڈرز کو بلاتعطل خدمات سرانجام دی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیکلٹی ممبران سے کہاگیا ہے کہ وہ مسائل کے حل کی بنیاد پر پراجیکٹس کی تلاش کریں تاکہ ٹھوس سائنسی بنیادوں پر علم پر مبنی معیشت کی بنیاد رکھی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی زراعت کے شعبے میں بہتری کیلئے دنیا بھر کے ماہرین زراعت اور سائنسدانوں کے ساتھ اپنے روابط کو مضبوط بنا رہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مجموعی ملکی پیداوار میں زراعت کا حصہ 19 فیصد ہے اور لوگوں کی اکثریت براہ راست یا بالواسطہ طور پر زراعت کے شعبے سے وابستہ ہے۔انہوں نے کہا کہ گریجوایٹ سٹڈیز ریسرچ بورڈ طلبا کو درپیش مسائل و دیگر امور پر ان کی رہنمائی کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔

متعلقہ عنوان :