کاشتکاروں کو گندم کی فصل پر ٹی جیٹ نوزل کے ذریعے دوپہر کے وقت سپرے کی ہدا یت

جمعہ 29 دسمبر 2023 12:59

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2023ء) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹرڈاکٹر خالد اقبال نے کاشتکار وں و کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گندم کی بمپر کراپ کے حصول اور فصل کو ہر قسم کی بیماریوں سے بچانے کیلئے گندم کی فصل پر دوپہر کے وقت ٹی جیٹ نوزل کے ذریعے سپرے یقینی بنائیں اور فصل میں موجود جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے فوری اقدامات کریں کیونکہ جڑی بوٹیاں گندم کی پیداوار کو 42فیصد تک نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گندم کی فصل کو 3مراحل میں پانی دینا ضروری ہے۔انہوں نے بتا یا کہ پہلا پانی جھاڑ کی حالت میں، دوسرا پانی گوبھ کی حالت میں اور تیسرا پانی دودھیا حالت میں دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی اسلئے بھی ضروری ہے کہ اگر جڑی بوٹیوں کا بیج ایک سال پک جائے تو یہ 7سال تک متواتر اگتا اور فصل کو نقصان پہنچاتا رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دنبی سٹی اور جنگلی جئی کیلئے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف کی مشاورت سے سپرے کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں محکمہ زراعت کی ہیلپ لائن سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ڈرپ اریگیشن کانظام زرعی شعبہ میں انقلاب لاسکتاہے جبکہ کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت اجاگر کرکے زرعی پیداوار میں نمایاں اضافہ بھی ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں جب زرعی اجناس کیلئے پانی کی قلت کا سامنا ہے کاشتکاروں میں پانی کی اہمیت و افادیت سے انکار ممکن نہیں نیز کھیتوں کو مطلوبہ مقدار میں بروقت پانی کی فراہمی کے ذریعے زرعی اجناس کی پیداوارمیں نمایاں اضافہ کرکے سرسبز زرعی انقلاب کاراستہ ہموار کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے بتایاکہ ڈرپ اریگیشن کا نظام نہائت فعال اور زراعت و کسان دوست ہے جس سے بلندی پر واقع قطعات اراضی کو ضرورت کے مطابق پانی دیاجاتاہے اور اس انداز سے بنجر اراضی کو لہلہاتی فصلات میں بھی بدلنا ممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پختہ کھال جہاں پانی کے ضیاع کو روکنے کاپیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں وہیں زرعی ترقی کیلئے ان کا کردار کھیتوں کو وافر مقدار میں پانی کی فراہمی کے ضمن میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پختہ کھالوں کے ذریعے پانی کی ترسیل میں بھر پور مدد ملتی ہے۔

متعلقہ عنوان :