کاشتکاروں کو ہر تین سال بعد ایک دفعہ سب سائلر ہل استعمال کرنے کی ہدایت

اتوار 7 جنوری 2024 14:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2024ء) ریسرچ انفارمیشن یونٹ ۱ٓری فیصل ۱ٓباد کے ماہرین زراعت نے کاشتکاروں کوکماد کی بہاریہ فصل کے لیے زمین اور تیاری سے متعلق ضروری اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ کماد کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لیے بھاری میرا زمین جس میں پانی کا نکاس ہو موزوں ترین ہے لیکن کماد میرا اور ہلکی زمین پر بھی کاشت کیا جاسکتاہے نیزکماد کی فصل مونجی کے وڈھ میں اور کپاس کے بعد بھی کاشت کی جاتی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ کاشتکار فصلات کی برداشت کے بعد روٹا ویٹر یا ڈسک ہیرو چلا کر پچھلی فصل کی باقیات کو زمین میں ملادیں بعد میں کم گہری 8 تا10 انچ والی کھیلیوں کیلئے دومرتبہ کراس چیزل ہل یا ایک مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل ضرور چلائیں اور اگرزیادہ گہری کھیلیاں 18 انچ بنائی ہوں تو سب سائیلر کا استعمال کیا جائے اور اس کے بعد زمین کو ہموار کرلیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بعدازاں ضرورت کے مطابق تین چار دفعہ عام ہل چلا کر زمین کو خوب بھر بھرا کر لیں۔ زمین کی بہتر تیاری کیلئے ہر تین سال بعد ایک دفعہ سب سائلر ہل کا استعمال کریں تاکہ زمین کو زیادہ گہرائی تک تیار کیاجاسکے۔انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ ہموار زمین میں گہرا ہل چلا کر مناسب تیاری کے بعد سہاگہ لگایا جائے اور پھر رجر کے ذریعے 10 سے12 انچ کی گہری کھیلیاں چار فٹ کے فاصلے پر بنائی جائیں اور ان میں فاسفورسی اور پوٹاش کی کھادیں ڈالیں تاکہ بہتر فصل کا حصول ممکن ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :