ایک شخص سے دوستی کی خاطر اس عمر میں چالیس دن کا چلا کاٹا ہے، شیخ رشید

لال حویلی کے جس گھر میں رہتا ہوں ساری دنیا اس کو طوائف گھر کہتی ہے ، سابق وزیر داخلہ

پیر 8 جنوری 2024 18:17

ایک شخص سے دوستی کی خاطر اس عمر میں چالیس دن کا چلا کاٹا ہے، شیخ رشید
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2024ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ایک شخص سے دوستی کی خاطر اس عمر میں چالیس دن کا چلا کاٹا ہے، زندگی مشن کا نام ہے جس آدمی کا کوئی مشن نہیں تو وہ صرف گاجر مولی ہے۔راولپنڈی کے حلقہ این اے 57 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ نسلی اور اصلی ہوں، ساری زندگی جدوجہد میں گزاری، واحد آدمی ہوں جس کا ساتویں آٹھویں کلاس میں کورٹ مارشل ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زندگی مشن کا نام ہے، جس آدمی کا کوئی مشن نہیں تو وہ صرف گاجر مولی ہے، اب تو میں نے چالیس دن کا چلا بھی کاٹ لیا ہے، ایک شخص سے دوستی کی خاطر اس عمر میں چالیس دن کا چلا کاٹا ہے، اسکے بارے میں مزید کوئی بات نہیں کرنا چاہتا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ لال حویلی کے جس گھر میں رہتا ہوں ساری دنیا اس کو طوائف گھر کہتی ہے، اس کی مرتے وقت کی وصیت آج بھی میرے پاس ہے، ڈاکٹر قدیر خان نے سجان سنگھ کی اس حویلی کے لیے پیسے دئیے تھے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے اس شہر کو ساٹھ تعلیمی ادارے دیے اور آج اس کی پہچان تعلیمی شہر سے ہوتی ہے، ان پانچ لوگوں میں شامل ہوں جنہوں نے خانہ کعبہ کی چھت پر نماز پڑھی ہے، آپ بچوں سے معافی چاہتا ہوں اگر کچھ غلطی ہوئی ہو۔انہوں نے کہا کہ 17 دفعہ وزیر رہا اور ہر بار آپ کے تعاون سے وزیر رہا ہوں، آدمی وہی بڑا ہے جو سچ بولے، اگر اہل سمجھیں تو 8 فروری کو مجھے ضرور ووٹ دیں۔