پاکستان کے سمندری پانیوں میں سیکیورٹی کے پیش نظر پاک بحریہ کے جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

منگل 9 جنوری 2024 19:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2024ء) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطین جنگ کا میدان اور دائرہ کار وسیع تر ہوتا چلا جا رہا ہے یہ جنگ اب اسرائیل اور فلسطین سے باہر لبنان اور شام کی سرزمین تک پہنچ چکی ہے یہاں تک کہ اس جنگ کے دوران امریکہ اور برطانیہ نے اپنے بحری بیڑے اسرائیل فلسطین کے نزدیک سمندر میں پہنچا دیئے ہیں ان بحری بیڑوں کی موجودگی سے اسرائیل کو نفسیاتی برتری حاصل ہے یہی بحری بیڑے ایران کو بھی کسی جارحیت سے باز رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہاکہ اسرائیل فلسطین جنگ کی وجہ سے پاکستان اور ایران کے سمندری پانیوں پر بھی براہ راست اثر پڑنے لگا ہے ایران کے بحری جہاز پہلے ہی سمندر میں پیٹرولنگ کر رہے تھے اب حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے پاکستان نے بھی بحیرہ عرب میں اپنے بحری جہازوں کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے بحیرہ عرب میں سیکیورٹی کی صورتحال حساسیت اختیار کرنے لگی ہے پاکستان نے اپنے سمندری پانیوں میں بحری گزر گاہوں کی کڑی نگرانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحری جہازوں کی تعیناتی کا مقصد تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے پاکستان بحریہ کے جہاز بحیرہ عرب میں ملکی اور بین الاقوامی بحری گزرگاہوں کو کڑی نگرانی میں رکھنے کیلئے اپنے جہازوں کی موجودگی کو یقینی بنائے گی ابتداء میں پاکستان بحریہ کے دو سے تین جہاز گشت جاری رکھیں گے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کے سمندری علاقے سے گزرنے والے بین الاقوامی تجارتی راستوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے وسیع تر فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہاکہ پاکستان بحریہ نے بحیرہ عرب میں میری ٹائم سیکیورٹی کے حالیہ واقعات کی وجہ سے اپنے بحری جہاز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے پاکستان کو اپنے سمندری پانیوں کو محفوظ بنانے کے لئے ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا پاکستان کی مشرقی اور مغربی سرحدوں کی نگرانی پر پہلے ہی افواج متعین ہیں اسرائیل فلسطین جنگ کی وجہ سے اب پاکستان کے سمندری پانیوں میں بھی خطرات بڑھ رہے ہیں جن کے پیش نظر پاکستان نے مستقبل بحری گشت کا فیصلہ کیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے بروقت کارروائی کی جا سکے پاکستان اپنی زمینی، فضائی اور بحری سرحدوں کی نگرانی اور حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔