سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

بدھ 10 جنوری 2024 22:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جنوری2024ء) سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی اور جامعہ کراچی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ایم او یو پر دستخط کیے۔ ایم اویو کے مطابق دونوں جامعات کے درمیان فیکلٹی اور طلبہ کی سطح پر مختلف تعلیمی شعبوں میں تحقیقی و مطالعاتی حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا جس میں کینسر پر ریسرچ کے ساتھ نینو ٹیکنالوجی سرفہرست ہیں۔

دونوں جامعات میں وفود کے تبادلے، باہمی طور پر بین الاقوامی سطح کے سیمینار اور کانفرنسز کے آغاز اور ریسرچ کیلئے سٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ نورین نے کہا کہ جامعہ کراچی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہمارے لئے انتہائی پرمسرت اور تاریخی لمحہ ہے ۔ انہوں نے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی تعلیم نسواں و معیاری تعلیم کیلئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا ۔ وائس چانسلر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کا دورہ جامعہ کراچی تعلیم نسواں کی فروغ اور بہتری کیلئے تسلسل کا حصہ ہے۔