انتخابات کے بروقت انعقاد سے بے یقینی کا خاتمہ ہوگا، آفتاب شیرپاؤ

ہفتہ 13 جنوری 2024 23:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2024ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ انتخابات کے بروقت انعقاد سے بے یقینی کا خاتمہ ہوگا، انتخابات کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملکی معیشت میں بہتری اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گاؤں شیرپاؤ میں پارٹی کارکنوں کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے مقامی کارکنان اور عہدیداران کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ عوام کو مہنگائی و بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے لہٰذا انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔خیبر پختونخوا کے مسائل پر تبصرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ صوبے کی مالی حالت اور معیشت تسلی بخش نہیں جس کی وجہ سے عوام کو کئی مسائل کا سامنا ہے۔انھوں نے کہا کہ بروقت انتخابات ہی ان تمام مسائل کا واحد حل ہے جس کے ذریعے ملک میں معاشی و سیاسی استحکام آئے گا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے مستقبل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے سوچ سمجھ کر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں ۔