سیالکوٹ میں بزنس فیسلیٹیشن سنٹر آپریشنل ، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے افتتاح کیا اور این او سی تقسیم کئے

چند روز میں پنجاب کا دوسرا بی ایف سی قائم ،گوجرانوالہ ، ملتان ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں چند روز میں سینٹر زکاافتتاح کر دیا جائیگا

ہفتہ 13 جنوری 2024 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2024ء) ونڈوآپریشن کے تحت سیالکوٹ میں پنجاب کا دوسرا سٹیٹ آف آرٹ بزنس فیسلیٹیشن سینٹر آپریشنل کر دیا گیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سیالکوٹ کے انوار کلب میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر کا افتتاح کیااور کاروباری شخصیات میں این او سی کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے قائم بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا۔

وزیر اعلی محسن نقوی نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں قائم صوبائی محکموں کے کاونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیزکا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا مشاہدہ کیا ۔ بزنس فیسلیٹیشن سنٹر میں سرکاری محکموں کے کاؤنٹرز سے کاروباری حضرات کو 124 این او سیز ایک چھت تلے جاری ہونگے ۔

14 روز میں این او سیز کا اجراء یقینی بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام کا مقصد سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ متعلقہ محکمے ایک چھت تلے خدمات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ائر پورٹ سے سیالکوٹ تک سٹرک کو 15 فروری تک مکمل کرنے کا اعلان کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے مزید کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کرتا جو پوری نہ کر سکوں، وعدہ کرتا ہوں تو ہر صورت نبھاتا ہوں۔

کوشش ہے کہ پراجیکٹس کو جانے سے پہلے مکمل کر کے جائیں۔ ایئرپورٹ سے سیالکوٹ کی طرف آنے والی دورویہ سڑک 15فروری تک مکمل کر لیں گے۔ سیالکوٹ ایئررپورٹ روڈ کے ٹینڈرز جاری ہوچکے ہیں،17جنوری سے کام کا باقاعدہ آغاز ہوجائے گا۔سیالکوٹ ایئر پورٹ روڈ کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے ترجیح دی جائے ۔ سیالکوٹ شہر میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا کام جاری ہے، سڑکوں کی کارپٹنگ کا کام بھی جاری ہے۔

یہ نہیں کہہ رہا کہ ہسپتالوں میں دودھ کی نہریں بہادی ہیں لیکن پہلے سے بہت بہتر حالت میں ہیں۔ سیالکوٹ میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر میں این او سیزکا اجراء شروع ہوچکا ہے۔گوجرانوالہ ، ملتان ، فیصل آباد اور راولپنڈی میں چند روز میں بزنس فیسلیٹیشن سینٹر زکاافتتاح کر دیا جائے گا۔ لاہور کے بعد آج سیالکوٹ میں بزنس فیسیلیٹیشن سینٹرفنکشنل کر دیا گیا ہے۔

سیالکوٹ کا بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر زیادہ خوبصورت اور کشادہ ہے اور لاہور والے بزنس فیسلیٹیشن سینٹر سے بہتر ہے۔ سیالکوٹ ایئر پورٹ روڈ پر فوری کام شروع کرنے کے لئے ہدایات کر دی ہیں۔ پراجیکٹس کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کرر ہے ۔ بڑی امید ہے کہ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کا پہلا فیز مکمل کرکے جائیں۔ سیالکوٹ ایئرپورٹ روڈ میری ترجیحات میں شامل ہے، میری اور پوری ٹیم کی کوشش ہے کہ مکمل کرکے جائیں۔

جہاں بھی شکایات سامنے آئیں گی ازالہ کیا جائے گا۔ ٹیچنگ ہسپتال، ڈی ایچ کیوز اور ٹی ایچ کیوز پر توجہ دی ہے ، ٹی ایچ کیوز کی حد تک ہسپتالوں میں بہتری نظر آئے گی۔ بی ایچ کیو ہسپتالوں پر وقت کی کمی کی وجہ سے توجہ نہیں دے پائے کیونکہ بی ایچ کیوز ہزاروں کی تعداد میں ہیں۔ ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں پہلے اور اب کی حالت میں زمین آسمان کا فرق نظر آئے گا۔ تجاوزات کے خاتمے کے سلسلے میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرسکے۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر، عامر میر،سیکرٹری صنعت،گوجرانولہ کے کمشنر، آرپی او، ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ،سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور صنعت کاروں کی بڑی تعداداس موقع پر موجود تھی۔